مدھیہ پردیش :نائب صدر اسمبلی کے سیکیورٹی دستےکی گاڑی اورٹرک میں تصادم،4ہلاک
بال گھاٹ۔۔۔ مدھیہ پردیش اسمبلی کی نائب صدر حنا کاورے سڑک حادثے میں بال بال بچ گئیں۔ ان کی کار کے آگے چلنےوالے سیکیورٹی دستے کی گاڑی سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی ۔ اس حادثے میں ڈرائیور اور 3پولیس اہلکاروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ناگپور روانہ کیا گیا۔ریاستی حکومت نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ حادثے میں مرنیوالے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کوایک ایک کروڑ روپے کی امداد اور اقتصادی سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔مرنیوالو ں میں ایس آئی ہرش وردھن سولنکی، ہیڈ کانسٹیبل حامد شیخ، سپاہی کولارے اور ڈرائیور سچن شامل ہیں۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کردی۔واضح ہو کہ حنا کے والد اور سابق وزیر لیکھی رام کاورے کو1999ء میں ان کے مکان کے نزدیک نکسلیوں نے دھار دار آلے سے حملہ کرکے قتل کردیا تھا۔