اسلام آباد:درجہ حرارت منفی 15‘ خون جمنے لگا
اسلام آباد: ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جس کے بعد کئی علاقوں میں درجہ حرارت انتہائی درجے تک گر گیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم تاحال خشک، سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرد ترین مقام گلگت بلتستان کا ضلع استور رہا جہاں کا درجہ حرارت کم سے کم منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ خون جما دینے والی شدید سردی کی وجہ سے مختلف بیماریوں میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے مقامی باشندوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ڈی ایچ کیو اسپتال میں مریضوں کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید سرد موسم کے دوران اسکردو کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 13، بگروٹ منفی 11، گوپس اور مالم جبہ میں منفی 9، کوئٹہ میں منفی 8، قلات اور دیر میں منفی 6، جبکہ مری میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے ایک ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا جبکہ کراچی میں 14، لاہور میں 5، پشاور میں 2، مظفر آباد میں منفی ایک، فیصل آباد میں 3، ملتان میں 4 اور حیدر آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں بعض مقامات پر شدید دھند کا بھی امکان ہے ۔