خان ریسرچ لیبارٹریز نے پانچویں مرتبہ پاکستان پریمیئر لیگ فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا
کراچی: خان ریسرچ لیبارٹریز نے ناقابل یقین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں مرتبہ پاکستان پریمیئر لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان ایئرفورس نے لیگ میں دوسری اور سوئی سدرن گیس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان کی بارہویں پریمیئر لیگ اس لحاظ سے منفرد حیثیت اختیار کرگئی تھی کہ اس سے قبل ہونے والی گیارہ لیگز کے دوران فائنل سے قبل پوائنٹس کی بنیاد پر چیمپیئن ٹیم کا اعلان ہوجاتا تھا لیکن اس مرتبہ فائنل میچ سے قبل کے آر ایل، سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان ایئرفورس کے درمیان پوائنٹس کی صورتحال نے انتہائی دلچسپ صورتحال پیدا کردی تھی۔ آخری میچ سے قبل کے آر ایل کے 48، سوئی سدرن گیس کمپنی کے 50 اور پاکستان ایئرفورس کے 51 پوائنٹس تھے۔ ٹاپ ٹیم بننے کیلئے کے آر ایل کو میچ میں0-4کی مشکل فتح درکار تھی جو اس نے کھیل کے دوسرے ہاف میں حاصل کرلی۔10 ویں منٹ میں افتخار علی خان نے کے آر ایل کیلئے میچ کا پہلا گول کیا۔ 20 ویں منٹ میں اظہار اللہ نے یہ برتری دگنی کردی۔ 6منٹ بعد جنید نے کے آر ایل کا تیسرا گول کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر کے آر ایل کی برتری 0-3ہو چکی تھی۔ چیمپیئن بننے کیلئے درکار چوتھا گول اظہار اللہ نے دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ میں اسکور کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔ حیرت انگیز طور پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے کھلاڑی اس میچ میں زیادہ اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکے اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن کی حامل ٹیم چیمپیئن بننے کا موقع گنوا بیٹھی اور تیسری پوزیشن تک محدود رہی۔ کے آر ایل نے اسی فرق سے کامیابی سمیٹی جس کی اسے ضرورت تھی جبکہ اس کامیابی کی بہت کم امید ظاہر کی جا رہی تھی۔ میچ کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے فاتح ٹیم کو 12 لاکھ روپے کیش ایوارڈ اور ونر ٹرافی، رنرز اپ ایئرفورس کو 9 لاکھ روپے انعام اور رنر اپ ٹرافی جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم کو 6 لاکھ روپے کی انعامی رقم پیش کی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں