کرکٹرز کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ روزکھلاڑیوں کی ٹیسٹ رینکنگ کا بھی اعلان کردیا ۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کے بعد سامنے آنے والی نئی رینکنگ میں کوئی پاکستانی بیٹسمین ابتدائی 10 کھلاڑیوں میں جگہ نہ پا سکا جبکہ سیریز میں اچھی کارکردگی نے جنوبی افریقی بیٹسمینوں کی درجہ بندی کو بہتر بنایا ہے۔ بابر اعظم 5 درجے ترقی کے ساتھ 20 ویں نمبر پر آگئے۔ پاکستان کیخلاف سیریز میں بہتر کارکردگی کی بدولت ہاشم آملہ بھی 3درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ 10میں شامل ہوئے ہیں۔ایڈن مارکرم 8ویں جبکہ کوئنٹن ڈی کک 12 درجے ترقی پاکر 14 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔بولرز رینکنگ میں پاکستان کے محمد عباس ایک درجہ تنزلی کے ساتھ ساتویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے ڈوائن اولیویئرلرنے 8 درجے اوپر آکر 24 ویں پوزیشن حاصل کی۔ محمد عامر 3 درجے بہتری کے ساتھ 31 ویں نمبر پر ہیں، فہیم اشرف 48 درجہ بہتری کے ساتھ 58 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی بدستور پہلے جبکہ کین ولمسن دوسرے اور چتیشواڑ پجارا تیسرے نمبر پر موجود ہیں ۔ بولرز میں گیسو ربادا، جیمز اینڈرسن اور ورنن فلینڈر جبکہ آل راونڈرز میں شکیب الحسن، رویندر جدیجہ اور جیسن ہولڈر با لترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں