وزارت اسلامی ا مور نے جازان میں اخوانی افکار کے پرچار کوں پر پابندیاں لگا دیں
جازان۔۔۔ جازان ریجن میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کے ڈائریکٹر اسامہ المدخلی نے بتایا ہے کہ اخوانی افکار کے پرچار کرنے والوں کی کڑی نگرانی شروع کردی گئی۔ جو شخص بھی منبر و محراب سے ناجائز فائدہ اٹھاکر دہشت گرد تنظیم الاخوان کے افکار پھیلانے کی کوشش کرے گا اس کیخلاف ٹھوس اقدامات ہونگے۔ انہوں نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اخوانی افکار کا پرچار روکنے کیلئے دعوة سینٹرز کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔ اس امر کا اطمینان حاصل کیا جارہا ہے کہ ان سینٹرز سے منسلک داعی حضرات ملکی و قومی سلامتی کے منافی کسی سرگرمی میں ملوث تو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام خطیبوں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ جمعہ کے خطبات جماعتی رجحانات سے بالا ہوکر دیں۔ جمعہ کا خطبہ سیاسی افکار و نظریات سے پاک و صاف ہو۔ انہوں نے کہاکہ الاخوان ریاست میں انارکی پھیلانے اور حکومت کیخلاف بغاوت کی پالیسی پر گامزن ہے۔ وزارت اسلامی ا مور طے کئے ہوئے ہے کہ الاخوان سمیت ایسی کسی بھی جماعت کو مملکت میں سر ابھارنے کا موقع نہیں دیاجائے گا جو مسلمانوں کے امن و امان کیلئے ضرر رساں ہوں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ الاخوان اور تبلیغی جماعت کے خطرات سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی آگہی کورس بھی مبلغین کو کرائے جارہے ہیں۔