”سعودی فرمانروا پاکستان آئیں گے تو پتہ چلے گا سرمایہ کاری کیا ہوتی ہے“
لاہور: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انہیں آئین اور قانون کے تحت کوئی شخص پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا رُکن بننے سے نہیں روک سکتا۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سعودی عرب کے فرمانروا جب پاکستان آئیں گے تو آپ کو پتہ چلے گا سرمایہ کاری ہوتی کیا ہے۔ سعودی عرب سے اتنی سرمایہ کاری دیکھ رہا ہوں کہ لوگ حیران رہ جائیں گے۔ وزیرریلوے نے پیشگوئی کی کہ میں تو عمران خان کی حکومت میں امریکی صدر ٹرمپ کو بھی پاکستان آتا دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی امید کا آخری آپشن ہیں۔ کرپشن کے خلاف عمران خان کے نعرے پر قوم کو بھروسہ ہے۔ اس وقت ملک میں جو صورت حال ہے اس کے ذمہ دار نواز شریف اور زرداری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بلاول کی فکر ہے اس کے ساتھ کیا ہوگا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ بلاول نے اگر سیاست کرنی ہے تو اسے بھٹو بننا پڑے گا۔