دیکھئے تصاویر:میکسیکو میں تیل کی پائپ لائن میں دھماکا، 21 افراد ہلاک
میکسیکو سٹی۔۔۔ تیل کی ایک غیر قانونی پائپ لائن سے تیل چوری کے دوران لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہو گئے۔تیل کی پائپ لائن میں آگ لگنے کا واقعہ دارالحکومت میکسکو سٹی کے شمال میں 105 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہڈالگو ریاست کے شہر تلاہو للپان میں پیش آیا ۔جب واقعہ پیش آیا تو مقامی افراد غیرقانونی پائپ لائن سے بوتلوں سمیت دیگر اشیا میں تیل بھرنے میں مصروف تھے اور اسی وجہ سے بڑی تعداد میں ہلاکتیں بھی ہوئیں۔میکسکو کے صدر آندرے لوپیز نے ہفتے کی صبح جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ریاستی حکومت سے متاثرہ افراد کی مدد کا مطالبہ کرتا ہوں۔حادثے کے فوری بعد فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جبکہ آئل کمپنی پیمیکس کی ایمبولینسوں نے زخمیوں اور ہلاک افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔سیکیورٹی وزیر الفونسو نے کہا کہ واقعے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔مذکورہ حادثے کے بعد حکومت نے تیل کی اہم پائپ لائنوں کو بند کر کے پیمیکس کی تیل کی پیداواری سہولت کی حفاظت پر فوج کو مامور کردیا ہے۔