ساہیوال واقعہ کے زخمی بچوں کی لاہور منتقلی
لاہور... وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سانحہ ساہیوال کے زخمی بچوں عمیر خلیل اور منیبہ خلیل کو لاہور جنرل اسپتال میں بہترین علاج معالجے کی سہولتوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔اتوار کی صبح بچوں کی اسپتال آمد سے قبل ہی پرنسپل پروفیسر محمد طیب ڈاکٹروں کے ہمراہ ایمر جنسی پہنچ چکے تھے جہاں 10سالہ عمیر خلیل کے سر سے شیشہ نکالا گیا جبکہ گولی اُس کی ٹانگ سے پہلے ہی آر پار ہو چکی تھی۔ 6سال منیبہ خلیل کے دائیں بازو پر شیشہ لگنے کے باعث زخم تھے ،دونوں بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے زخمی بہن بھائی کی مناسب دیکھ بھال و نفسیاتی علاج کو یقینی بنانے کےلئے 6رکنی میڈیکل بورڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ۔دونوں بچوں کی حالت تسلی بخش ہونے پر انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسزکے پرائیویٹ روم میں منتقل کر دیا گیا ۔دریں اثناءساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں میاں بیوی اور بچی سمیت4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر ملک بھر میں فضاسو گوار رہی ۔پنجاب بار کونسل نے ساہیوال واقعہ کے خلاف پیر کو صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔