پاکستان رائٹرز کلب کے زیر اہتمام ہشام سید کے اعزاز میں ادبی نشست
ہشام سید کی 2 نثری کتابیں" آگاہی" اور "شاہدات" کے علاوہ شاعری کی کتابیں" تجلیاں" اور "ہنستے آنسو" شائع ہوچکی ہیں
ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
ریاض میں پاکستان رائٹر کلب کی جانب سے نامور شاعر ہشام سید کے اعزاز میں ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں شعرائے کرام اور ادبی شخصیات کے علاوہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے اساتذہ اور پرنسپل نے بھی شرکت کی۔ ادبی نشست سے گفتگو کرتے ہوئے ہشام سید نے کہا کہ وہ سعودی عرب میں22 سال تک مقیم رہے، اس دوران انہیں جہاں اچھے دوست ملے وہیں ایسے تعلقات استوار ہوئے جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔ ادب اور شاعری سے لگائو بچپن سے ہی تھا اور محض 15سال کہ عمر میں باضابطہ شاعری لکھنے لگا تھا جبکہ افسانہ نگاری کا آغاز بھی کیا ۔میری شاعری کا محور ہمیشہ امت مسلمہ ہی رہی ہے۔ دنیا بھر میں مسلمان بڑی تعداد میں موجود ہیں بلکہ 60کے قریب مسلم ممالک دنیا کے نقشے پر نمودار ہیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ یگانگت اور باہمی بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیں جیسا کہ انہیں قرآن و حدیث میں حکم بھی دیا گیا ہے۔ تمام ممالک ایک دوسرے کا دست بازو بنیں اور درپیش چیلنجز کا ملکر مقابلہ کریں ۔ ہشام سید نے بتایا کہ اب تک انکی 2 نثری کتابیں" آگاہی" اور "شاہدات" کے علاوہ شاعری کی کتابیں" تجلیاں" اور "ہنستے آنسو" شائع ہوچکی ہیں۔ اب میں کینیڈا رخصت ہو رہا ہوں مگر سعودی عرب میں گزرے ایام ہمیشہ یاد رکھوں گا ۔
رائٹر کلب کے صدر فیاض ملک نے کہا کہ ہشام سید کی شاعری نے ہمیشہ نئی راہوں کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے ایک ایسی فکر دی ہے جس سے ہر طبقے کا انسان آسانی سے مستفید ہوسکتا ہے۔ لیڈی چیپٹر کی صدر ڈاکٹر فرح نادیہ نے کہا کہ ہشام سید نے جس طرح ادب کی خدمت کی ہے اور 22 سال تک وہ سعودی عرب بھر میں ہر ادبی محفل میں جلوہ افروز رہے اور ادب کے فروغ کیلئے کا م کرتے رہے۔ ہم چاہیں گے کہ وہ جہاں بھی رہیں ایسے ہی ادب کی خدمت کرتے رہیں ۔لیڈی چیپٹر کی دیگر خواتین نے بھی ہشام سید کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ شعرائے کرام میں یوسف علی یوسف، صدف فریدی، عقیل قریشی، محسن رضا ثمر نے بھی ہشام سید کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نے انہیں ہمیشہ ایک شفیق دوست پایا ہے۔پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے پرنسپل نعیم اختر اور وائس پرنسپل محمد رفیق گوہر کی جانب سے بھی ہشام سید کی شاعری اور انکی دیگر ادبی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا ۔ آخر میں پاکستان رائٹر کلب کی جانب سے ہشام سید کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔ رائٹر کلب کی جانب عاشق حسین نے شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ہشام سید کے بارے میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔