ائیرپورٹس پر مسافروں کا قیمتی سامان چرانے والے64 ملازمین برطرف
اسلام آباد...وفاقی وزیرمیاں محمد سومرو نے بتایا ہے کہ ائیر پورٹس پر پی آئی اے کے مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیاءنکالنے والے کارگو عملے کے 64اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں نوکری سے برخاست کردیا گیا ۔ حکومت عوام الناس کی شکایت پر پی آئی اے میں مزید بہتری لانے کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔ سینیٹ میں وقفہ سوالا ت کے دوران میاں محمد سومرونے بتایا کہ کوئٹہ سے فی الحال کوئی بھی بین الاقوامی پرواز کا آغاز نہیں کیا جارہا۔جیسے پی آئی اے کے پاس مزید جہاز آئیں گے ، کوئٹہ سے بھی بین الاقوامی پروازوںکا آغاز کردیا جائےگا۔انہوںنے بتایا کہ پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے منافع بخش نئے روٹس کا اضافہ کیا جائے گا ۔ ایسے نئے روٹس کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ خسارہ پید اکرنے والے روٹس کو بند کردیا جائے گا۔اس کے علاوہ پی آئی اے سے200سے زائد گھوسٹ ملازمین کو برطرف کردیا گیا ۔انہوںنے بتایا کہ تمام وی آئی پی پروٹوکول کو ختم کردیا جائے گا۔