اتراکھنڈ: بارش اور برفباری سے حادثات،6افراد ہلاک
دہرہ دون۔۔۔اترا کھنڈ میں شدید برفباری اور بارش کے باعث ہونیوالے حادثات میں 6افراد ہلاک ہوگئے۔ ضلع چمولی کے گھاٹ بلاک کے چربنگاگاؤں کے قریب ایک گاڑی برف سے پھسل کر 250میٹر گہری کھائی میں گرگئی۔رام گڑھ کے تحصیل دار سوہن سنگھ نے بتایا کہ حادثے میں لکشمی دیوی اور اس کے دیور راجندر سنگھ کی موت ہوگئی اور ڈرائیور ہرپال سنگھ زخمی ہوگیا۔نریندر نگر میں پالی ٹکنک ملازم روی بابو بارش اور دھند کی وجہ سے راستے میں پھسل کر گرپڑے جس سے ان کی موت ہوگئی۔ضلع چمولی کے گن گاؤں میں بھی برفباری کی وجہ سے ایک گاڑی سڑک پر الٹ گئی جس سے پشکر رام کی موت اور 3زخمی ہوگئے۔ایک اور حادثہ بدری ناتھ شاہراہ پر سوڑپانی کے قریب ایک ٹرک پر بھاری بولڈوزر الٹنے سے بھدر سنگھ ہلاک ہوگیا۔ اتر کاشی میں تیز رفتار کار بھگیرتھی ندی میں جاگری ۔ تھانہ انچارج مہادیو اونیال نے بتایا کہ حادثے میں وکرما دیوی کی موت ہوگئی جبکہ بیٹا رنبیر شدید زخمی ہوگیا۔ ہری دوار میں آسمانی بجلی گرنے سے 2بچے ہلاک ہوگئے۔