جدہ۔۔۔مکہ مکرمہ ریجن میں بصری و سمعی جنرل کارپوریشن کے ڈائریکٹر حمزہ الغبیشی نے بتایا ہے کہ 2019ء اور 2020ءکے دوران جدہ میں 5 سینما گھر کھولے جائیں گے ان میں سے پہلے کا افتتاح پیر28 جنوری کو کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطا ن سے ملاقات کے موقع پر بتائی۔ الغبیشی نے اس موقع پر شہزادہ بدر کو بصری و سمعی ابلاغ جنرل کارپوریشن کے مستقبل کے پروگراموں اور خدمات کی بابت بریفنگ دی۔ الغبیشی نے بتایا کہ جدہ میں پہلا سینما گھر ریڈ سی مال کمپلیکس میں کھولا جائے گا جبکہ الاندلس مال، اسٹار ایونیو ، ابحر مال اور المسرة مال میں باقی چار سینما گھر قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ مکہ مکرمہ گورنریٹ نے ٹوئٹر پر اپنے اکاﺅنٹ میں سینما گھروں کے افتتاح کی اطلاع جاری کردی ہے۔ ریڈ سی مال کا سینما گھر 12 اسکرینوں پر مشتمل ہوگا۔ الاندلس مال میں 27 اسکرینیں ، اسٹارز ایونیو 9 اسکرین پر مشتمل سینما گھر اسی سال کھول دیئے جائیں گے جبکہ 2020 ءکے دوران ابحر مال میں 11 اسکرینیں اور المسرة مال میں 6 اسکرین والے سینما گھر قائم ہونگے۔