حلال و حرام میں تمیز
جمعرات 24 جنوری 2019 3:00
آج ہم جانتے بوجھتے حلال اور حرام سے بچنے کی کوشش نہیں کرتے،انجام کار ہم میں سے بہت سے لوگ پریشانیوں میں گھر جاتے ہیں، معاملات کو درست رکھیں، اپنے کام کوانتہائی ایمانداری اور محنت سے انجام دیں
زبیر پٹیل ۔ جدہ
دن بھر کی محنت مشقت سے تھک ہار کر رات جب بستر پر آتے ہیں تو ہم میں سے کتنے لوگ ہیں جو اپنے دن بھر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں ؟اصولاً یہ عمل ہمیں روزانہ کرنا چاہئے۔ اس کے کئی فوائد ہیں۔ ایک تو یہ فائدہ ہے کہ ہمیں اپنی خامیوں اور خوبیو ں کا اندازہ ہوتا ہے دوسرے یہ کہ اگر کہیں غلطی ہوئی ہے تو آئندہ اس سے بچنے کا سبق ملتا ہے اور تیسری سب سے اہم بات کہ ہمیں یہ سوچنے کا موقع ملتا ہے کہ ہم نے آج جو کام انجام دیا وہ درست تھا اور اس حوالے سے جو ہم نے رزق حاصل کیا وہ ہماری اور اولاد کیلئے درست تھا یا نہیں۔ کہیں ہم نے اس کے حصول میں کوئی گڑ بڑ یا اپنے لئے حرام تو نہیں کیا کیونکہ حرام کا کمایا اور کھایا ہوا مال کبھی پھلتا پھولتا نہیں۔ہمیشہ انسان گھاٹے میں ہی رہتا ہے۔
آج ہم جانتے بوجھتے حلال اور حرام سے بچنے کی کوشش نہیں کرتے۔انجام کار ہم میں سے بہت سے لوگ پریشانیوںمیں گھر جاتے ہیں۔ معاملات کو درست رکھیں۔ اپنے کام کوانتہائی ایمانداری اور محنت سے انجام دیں۔ہر والدین چاہتے ہیں کہ انکی اولاد کی اچھی پرورش ہو اور ان کا مستقبل روشن ہوتو ضروری ہے کہ وہ اپنی کمائی کو درست کریں اور دیکھیں کہ کہیں اس میں حرام کی ملاوٹ تو وہ نہیں کررہے۔کیونکہ یہی اولاد اور گھر والوں کے غلط راستے پر جانے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔اس سے بچنا چاہئے کیونکہ حلال کمائی کا ایک دانہ بھی ضائع نہیں جاتا جبکہ حرام کی تو ساری کمائی ہی” ردی “ہے۔ اسلئے حرام اور حلال میں فرق کرنا سیکھیں اور گھر والوں کو بھی اس کے فائدے و نقصانات سے آگاہ کریں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭