60ہزار روپے کیلئے قتل کرکے لاش کے 400ٹکڑے کردیئے
جمعرات 24 جنوری 2019 3:00
ممبئی۔۔۔مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے گلوبل سٹی علاقے میں قتل کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔سانتا کروز کے رہنے والے شخص نے 60ہزار روپے کی خاطرقریبی دوست کو قتل کردیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم نے قتل کے بعد لاش کے تقریباً400ٹکڑے کرکے ٹوائلٹ میں بہا دیئے ،علاوہ ازیں سر اور جسم کی ہڈیاں تھیلے میں بھر کر بھائندرا کی کھائی میں پھینک دیں۔اس واردات کا انکشاف اُس وقت ہوا جب وچھراج پیراڈائس سوسائٹی کے چیمبر سے شدید بدبو آنے لگی۔سوسائٹی کے عہدیداروں نے چیمبر کی صفائی کیلئے 2مزدوروں کو بلایا ۔ صفائی کے دوران کثیر تعداد میں گوشت کے ٹکڑے برآمد ہونے پر لوگوں کو شک ہوااور سوسائٹی میں رہنے والوں نے پولیس کو مطلع کردیا۔پولیس نے جائے وقوعہ پرپہنچ کر معائنہ کیا تو وہاں سے مرنیوالے کی انگلیاں ملیں۔قتل کا کیس درج کرکے پولیس نے 10گھنٹے بعد 40سالہ پنٹو کشن شرما کوگرفتار کرلیا۔پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا کہ ایک سال قبل اس کی جان پہچان میرا روڈ کے سیکٹر 9میں رہنے والے 58سالہ گنیش وٹھل سے ہوئی تھی جس نے ایک لاکھ روپے قرض لئے تھے۔ 40ہزار روپے ادا کرچکا تھا لیکن 60ہزار روپےادا کرنے میں آناکانی کررہا تھا ۔شرمانے16جنوری کو وٹھل کوسوسائٹی کے فلیٹ میں بلایا جہاں دونوں میں جھگڑا ہوگیا۔ اس دوران وٹھل زمین پر گر کر ہلاک ہوگیا۔20جنوری کو وٹھل کی بہن نے میرا روڈ پولیس اسٹیشن میں بھائی کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔