سرفراز احمد پر3تا 5میچ کی معطلی کی تلوار لٹک گئی
جمعرات 24 جنوری 2019 3:00
جوہانسبرگ: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی پر جملہ کسنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے الفاظ برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ جنوبی افریقی بورڈ کا کہنا ہے کہ واقعے کی رپورٹ آئی سی سی کو بھیج دی گئی ہے اور اس کی جانب سے اقدام کا انتظار ہے۔ اس واقعے پر پی سی بی کے جاری کردہ ا علامیے میں کہا گیا ہے کہ سرفراز احمد دنیائے کرکٹ کے قابل احترام کھلاڑیوں میں شامل ہیں لیکن کسی بھی کھلاڑی یا کپتان کی جانب سے اس طرح کے جملے ناقابل قبول ہیں۔ جنوبی افریقی ٹیم کے منیجر موسیٰ جی کا کہنا تھا کہ اس بارے میں کارروائی شروع ہو چکی ہے اور ہم تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد اگلا قدم اٹھائیں گے جبکہ اس بارے میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے کسی اقدام کے بعد مزید کوئی بات ہو گی۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد پر ممکنہ پابندی کی صورت میں بورڈ اور سلیکشن کمیٹی نے سابق کپتان شعیب ملک کو قائم مقام کپتان بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس بات کا خدشہ ہے کہ جنوبی افریقی کھلاڑی کے خلاف جملہ کسنے پرپاکستانی کپتان کو 3 سے 5 میچز کیلئے معطل کرا سکتی ہے اور ایسی صورت میں دورہ جنوبی افریقہ کے بقیہ میچوں میں شعیب ملک قیادت کریں گے۔ سرفراز احمد کے اچانک ریمارکس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے کارروائی متوقع ہے اورامکان ہے کہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر سرفراز احمد پر 3 سے 5 ون ڈے انٹرنیشنل کی پابندی لگ جائے۔ ماضی میں چونکہ جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کی تحریک عروج پر رہی ہے اس لئے یہ واقعہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے اور آئی سی سی کا لیگل ڈپارٹمنٹ تمام قانونی پہلووں کا جائزہ لے کر کارروائی کا اعلان کرے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں