ریاض اور جدہ میں یوم جمہوریہ ہند کی تقریبات
قومی پرچم لہرائے گئے، صدر جمہوریہ ہند کا پیام پڑھ کر سنایا گیا، سفیر ہند اور قونصل جنرل کا سعودی حکومت کوبہترین الفاظ میں خراج تحسین، رنگا رنگ تقریبات
ریاض/ جدہ(کے این واصف) ہندوستان کے70 ویں یوم جمہوریہ تقریب ہفتہ کو پورے جوش و خروش کے ساتھ سفارتخانہ ریاض اور قونصل جنرل جدہ میں منائی گئی۔ سفارت خانہ ہند کے احاطہ میں سفیر ہند احمد جاوید نے قومی ترنگا لہرا کر تقریب کا آغاز کیا۔ انڈین ایمبیسی کے احاطہ میں اسٹیج سے آخر تک تل دھرنے کی جگہ نظر نہیں آرہی تھی۔ ایمبیسی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب اس قدر بڑی تعداد میں ہندوستانی جمع ہوئے۔ سفیر ہند کے ہاتھوں پرچم کشائی کے بعد انٹرنیشنل انڈین پبلک اسکول کی طالبات نے قومی ترانہ پیش کیا۔ جس کے بعد احمد جاوید نے صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند کا پیام پڑھ کر سنایا۔ سفیر ہند نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانہ مملکت میں موجود ہر ہندوستانی کی مدد کیلئے ہفتہ کے تمام دن 24 گھنٹے تیار رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمبیسی کی ٹیمیں مملکت کے چھوٹے سے چھوٹے مقام کا دورہ کرتی ہیں اور ہندوستانی کارکنان تک پہنچتی ہیں۔ وزیر خارجہ سشماسوراج کی تمام ہندوستانی سفارتخانوں کو ہدایت ہے کہ وہ ہر انفرادی ہندوستانی جو ایمبیسی کی مدد کا طلبگار ہے اس کی بروقت مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ جن دنوں حکومت سعودی عرب نے غیر قانونی حیثیت میں گھرے غیر ملکیوں کو عام معافی دیتے ہوئے مملکت سے نکل جانے کی اجازت دی تھی اس وقت سفارتخانے نے دن رات کام کرکے ایسے تمام ہندوستانیوں کو وطن واپسی میںمدد کی۔ یہ کام ہمارے سماجی کارکنان اور سماجی تنظیموں کے تعاون اور مدد سے ممکن ہوسکا۔ سفیر ہند نے کہاکہ پچھلے سال ایمبیسی نے سعودی عرب کے جنادریہ میلے میں بحیثیت مہمان خصوصی حصہ لیا اور انڈین پویلین کو 20 لاکھ سے زائد افراد نے وزٹ کیا۔ اس کے علاوہ سعودی حکومت کے تعاون سے ایمبیسی نے "انٹرنیشنل یوگا ڈے" کا اہتمام ریاض کے نیشنل میوزیم کے وسیع و عریض لان میں کیا۔ نیز ایمبیسی نے گاندھی کا ریاض میں بڑے پیمانے پر 150 واں یوم پیدائش منایا۔ اس میں بھی ایمبیسی کو حکومت سعودی عرب کا تعاون حاصل رہا۔ سفیر ہند نے سعودی حکومت کا بہترین الفاظ میں شکر یہ ادا کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی حکومت سے کامیاب نمائندگی کے بعد ہندوستانیوں کو ویزا فیس برائے نام حد تک کم کرائی گئی ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ سفیر اور سفارتکار تو یہاں آتے جاتے رہتے ہیں مگر ہندوستانی کارکنان یہاں برسوں گزارتے ہیں جو یہاں ملک کے مستقل نمائندہ ہیں۔ لہذا انہیں چاہیئے کہ اپنے میزبان ملک کے قوانین کی پابندی کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ڈاکٹر حفظ الرحمان فرسٹ سیکریٹری سفارتخانہ ہند نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ ابتداءمیں مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر نائب سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں، آرمی اتاشی منیش ناکیال دیگر سفارتکار اور سفارتخانہ کے کارکنان بھی موجود تھے۔ حفظ الرحمان کے ہدیہ تشکر پر تقریب کا اختتام ہوا۔ مٹھائیوں اور مشروبات سے مہمانوں کی ضیافت کی گئی۔ انٹرنیشنل انڈین اسکول کی طالبات نے رنگا رنگ کلچرل پروگرام بھی پیش کیا۔ دوسری طرف ہندوستانی قونصلیٹ جنرل میں ایک رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔قونصلیٹ جنرل آف انڈیا کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق قونصل جنرل نور رحمن شیخ نے پرچم کشائی کی اور قوم کے نام صدر جمہوریہ کاپیغام پڑھ کر سنایا ۔تقریب میں ہندوستانی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انٹرنیشنل انڈین اسکول ، جدہ کے بچوں نے وطن سے محبت پر مبنی ملی نغمے سنائے اور حاضرین سے داد وصول کی۔