Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی!

۰ گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ،کیس کرنے کےلئے قونصلیٹ سے مدد لی جاسکتی ہے؟
٭ میں ایک مقامی کمپنی میں لیبر کے طور پر کام کرتا ہوں جہاں مجھے اور میرے ساتھیوں کو گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ۔ جس کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ کمپنی کی انتظامیہ سے جب بھی تنخواہ کے بارے میں پوچھتے ہیں تو جواب ملتا ہے انتظار کرومل جائے گی ۔ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ تنخواہ کی عدم ادائیگی ہے ۔ گھر والوں کو بھی گزشتہ 3 ماہ سے کچھ نہیں بھیج سکے ۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا ہم لیبرکورٹ میں کیس دائر کر سکتے ہیں ؟ اس ضمن میں کیا کرنا پڑے گا ؟قونصلیٹ سے مدد لی جاسکتی ہے ؟ ( غلام عباس۔ جدہ)
٭٭ مملکت میں وزارت عدل و انصاف نے کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے حال ہی میں نئی قانون سازی کی ہے جس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔ قانون کے مطابق وہ ادارے اور کمپنیاں جہاں کارکنوں کو تنخواہ اور واجبات کی ادائیگی میں غیر معمولی تاخیر ہوتی ہے اس پر جرمانے عائد کئے جاتے ہیں اور انکے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔ 
آپ کے کیس میں جیسا کہ آپ نے لکھا ہے کہ گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی اس صورت میں آپ کا حق ہے کہ آپ لیبر کورٹ سے رجوع کریں جہاں واجبات اور حقوق کے مخصوص شعبے میں شکایت درج کرائی جاسکتی ہے ۔ قانون کی شق نمبر 94 کے تحت ایسے اداروں کے خلاف فوری احکامات صادر کئے جاتے ہیں جن پر یہ ثابت ہوجائے کہ انکی جانب سے کارکنوں کو بغیر کسی واضح سبب کے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ۔ عدالت ان اداروں کو مہلت دیتی ہے کہ وہ اس دوران اپنے کارکنوں کو انکی تنخواہیں ادا کریں مقررہ وقت کے بعد اداروں اور کمپنی کی انتظامیہ و مالکان پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جو کارکن کی تنخواہ کے حساب سے ہوتا ہے ۔ جرمانے کی رقم سیٹزن اکاﺅنٹ میں جمع کرائی جاتی ہے ۔آپ اپنے کیس کو جامع انداز میں تیار کریں جس کے لئے اس امر کا ثبوت بھی پیش کرنا ہوگا کہ آپکو کتنے عرصے سے تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی ۔ وزارت محنت کے قانون کے مطابق مملکت میں کام کرنے والے کارکنوں کی اجرت بینک کے ذریعے ادا ٰئیگی کو یقینی بنانے کے لئے مرحلہ وار بینکنگ سسٹم کو متعارف کروایا گیاہے تاکہ کارکنو ں کی تنخواہوںکا باقاعدہ اور مستند ریکارڈ سامنے ہو جس کے مطابق فیصلہ کرنے میں سہولت ہو تی ہے ۔ اگر آپکی تنخواہ بینک میں آتی ہے تو یہ واضح ثبوت ہو گا جس سے معلوم ہوجائے گا کہ کتنے عرصے سے تنخواہ ادا نہیں کی گئی ۔ درخواست کے ساتھ بینک اسٹیٹمنٹ منسلک کریں تاکہ کیس مضبوط ہو ۔ جہاں تک قونصلیٹ سے تعاون کی بات ہے تو ان سے مدد لینا مفید ہو گا کیونکہ لیبر آفیس میں رابطہ کےلئے عربی زبان ہی استعمال ہوتی ہے جس کےلئے عربی جاننا ضروری لازمی امر ہے اور جو افراد عربی سے نابلد ہیں انکے لئے کافی دشواری ہوتی ہے ۔ قونصلیٹ میں ترجمان( translator) کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اس لئے بہتر ہے کہ آپ لیبر آفس جانے سے قبل قونصلیٹ کے شعبہ ویلفئیر سے رجوع کرکے انہیں صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کریں تاکہ وہ آپکی درست طور پر مدد اور رہنمائی کرسکیں ۔ قونصلیٹ سے رجوع کرنے سے قبل ویلفیئر قونصلر کے نام درخواست تیار کرلیں اور تمام دستاویزی ثبوت بھی درخواست کے ہمراہ منسلک کریں جن میں ملازمت کا معاہدہ ، اقامہ کاپی ، پاسپورٹ کاپی ، اور تنخواہ کی ادائیگی کا حساب۔ یہاں اس امر کا خیال رکھیں کہ بعض اداروں میں جہاں کارکنوں کی تعداد کم ہے وہاں تنخواہوں کی ادائیگی روایتی طریقے سے کی جاتی ہے جس کےلئے تنخواہ دیتے وقت انتظامیہ ماہانہ بنیاد پر تیار شدہ فارم پر دستخط لیتی ہے تاکہ انکے پاس ثبوت رہے ۔ بعض افراد فارم بغیر پڑھے ہی دستخط کردیتے ہیں اس لئے اس امر کا خاص خیال رکھا جائے کہ فارم پر درج تاریخ درست ہے اورجس ماہ کی تنخواہ وصول کی جارہی ہے وہی ماہ درج ہے یا متعدد ماہ درج کئے گئے ہیں۔ اگر فارم پر اندراجات درست نہیں ہیں تو ان کی درستگی کا مطالبہ کرنا آپ کا حق ہے ۔ یاد رہے کہ قانون غفلت برتنے والوں کا ساتھ نہیں دیتا اس لئے آپکو اپنے حقوق کے حصول کے لئے چوکنا رہنا پڑتا ہے بے پرواہی سے بعض اوقات ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑتا ہے ۔ 
٭٭٭٭٭٭٭٭

شیئر: