ڈاکٹر شاہد مسعود کو رہا کرنے کا حکم
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی وژن کرپشن کیس میں نامزد معروف اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود کو سپریم کورٹ نے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق عدالت عظمیٰ میں جسٹس منظور احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر عدالت نے قرار دیا کہ مقدمے میں نامزد تینوں ملزمان کی پہلے ہی ٹرائل کورٹ میں ضمانت ہو چکی ہے۔ لہٰذا شاہد مسعود کو 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کردیا جائے۔ واضح رہے کہ سینیئر اینکر ڈاکٹر شاہد مسعود پر الزام ہے کہ انہوں نے بحیثیت ایم ڈی پی ٹی وی جعلی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق کا معاہدہ کیا۔ کمپنی لاہور میں کیٹرنگ اور دیگوں کا کام کرتی تھی۔ جعلی کمپنی کو معاہدے کے وقت 3 کروڑ 70 لاکھ کی فوری ادائیگی بھی کی گئی تھی۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 23 نومبر 2018ءکو شاہد مسعود کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی جس کے بعد انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے ایف آئی اے نے گرفتار کر لیا تھا۔