مدینہ منورہ۔۔۔ مملکت بھر میں پیر کو گرد آلود ہواﺅں، آندھی ، بارش اور سیلاب نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو زبردست مشکلات میں ڈال دیا۔ سکاکا کا ایک محلہ غرق آب ہوگیا جبکہ مدینہ منورہ میں بارش سے ریکارڈ تباہی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ اور اس کی کمشنریوں میں پیر کو ہونے والی موسلادھار بارش سے ایک سوڈانی شہری ہلاک ہوگیا ۔ بدر کمشنری کی وادی الصفراءمیں گر گیا تھا، مقامی شہریوں نے اس کی لاش نکالی۔ مدینہ منورہ کنٹرول سینٹرنے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسے متاثرین کی جانب سے 3 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔ شارٹ سرکٹ کی 9 اور محصورین کی 51 اپیلیں ریکارڈ کی گئی۔ 41 محصورین کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ پانچ خاندانو ں کو جن کے مکانات رہائش کے قابل نہیں رہے تھے ، رہائش مہیا کی گئی۔ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان اور ان کے نائب شہزادہ سعود بن خالد الفیصل نے متاثرہ محلوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو فوری اصلاح حال کی ہدایت جاری کی۔ مدینہ منورہ میں ہونے والی بارش کو تاریخی بتایا جارہا ہے۔ وادیوں اور گھاٹیوں میں سیلاب آگیا۔