مافیا ڈان پُجاری مغربی افریقہ میں گرفتار
ممبئی۔۔۔۔مافیا ڈان روی پجاری کو گرفتار کرلیا گیاہے۔مرکزی تفتیشی ایجنسی کے افسر نے اس کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پجاری کومغربی افریقہ کے ملک سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں گرفتار کیا گیا۔ وہاں متعین ہندوستانی سفیر کو 26جنوری کو اسکی وہاں موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔روی پجاری کو تفتیش کیلئے ہندوستان لانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔روی پجاری ماضی میں مافیا ڈان چھوٹا راجن کے ساتھ ہوا کرتا تھا ۔ستمبر 2000میں بینکاک میں چھوٹا راجن پر حملے کے بعد راجن گینگ میں پھوٹ پڑنے کے بعد اُس نے علیحدہ گینگ بنالیا۔پجاری نے بلڈروں ، صحافیوں ، بالی وڈ کی ممتاز شخصیات پر خوف طاری کررکھا تھا۔فلمی ہدایت کار مہیش بھٹ پر 2مرتبہ قاتلانہ حملے کی کوشش کی۔5سال قبل فلمسازعلی مورانی کے جوہو میں واقع مکان پر فائرنگ کی تھی۔ اس کے بعد ممبئی کرائم برانچ چیف سدانند داتے نے ممبئی میں قائم تمام 15شاخوں کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ پجاری گینگ کا صفایا کردیں۔کارروائی کے دوران ایک درجن سے زائد کارندے گرفتار کئے گئے۔ روی پجاری حالیہ دنوں میں ممبئی کے ایک بلڈرسے ہر ہفتے2کروڑ روپے بھتہ طلب کررہا تھا ۔پولیس نے اس کے 2قریبی ساتھیوں ولیم راڈرگز کو تریویندرم سے اور آکاش شیٹی کو مینگلوروسے گرفتار کرلیا۔