سرد اور یخ بستہ ہواﺅں میں طیارہ اڑانے کی کوششیں
لندن۔۔۔ انگلینڈ کے جنوب مشرقی علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی کم ہوگیا ہے اور یخ بستہ طوفانی ہوائیں قیامت ڈھا رہی ہیں۔ ان حالات میں محکمہ موسمیات کی طرف سے لوگوں کو بار بار خبردار کیا گیا کہ وہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں اور فضائی سفر سے دور رہیں کیونکہ خراب موسمی صورتحال نے آس پاس کے کئی قصبوں میں بجلی کی سپلائی معطل کرادی تھی۔ موسم کی شدت تقریباً ڈیڑھ دن جاری رہی اور اس دوران بارشیں بھی ہوتی رہیں مگر ایسے نامساعد حالات میں بھی کچھ جیالے ہواباز اور مختلف فضائی کمپنیوں کے عملے نے اسی دوران اڑان بھرنے کی غرض سے محکمہ موسمیات کے انتباہ کو بھی نظر انداز کیا۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ 50میل فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی یخ بستہ ہواﺅں کی وجہ سے اڑنے والے طیارے کسی بھی وقت حادثات کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ بدھ تک ساﺅتھ ایسٹ انگلینڈ اور دوسرے علاقوں میں تقریباً4انچ تک برفباری ہوسکتی ہے جس کے بعد نہ صرف فضائی سفر مشکل ہوجائیگا بلکہ روڈ ٹریفک بھی مفقود ہوکر رہ جائیگا۔ کیونکہ سڑک پر جمنے والی برف اکثر و بیشتر گاڑیوں کو قابومیں نہیں رہنے دیتی اور ڈرائیور حادثات کر بیٹھتے ہیں۔ واضح ہو کہ موجودہ موسمی صورتحال سے قبل ڈیون کے علاقے میں 82میل فی گھنٹے کی رفتارسے یخ بستہ ہوائیں چلتی رہی تھیں جس کی وجہ سے زندگی معطل ہوکر رہ گئی تھی۔ان حالات میں ریل اور روڈ کی سروسز بھی متاثر ہونگی۔یخ بستہ ہوائیں ساﺅتھ ایسٹ انگلینڈ،ویلز اور اسکاٹ لینڈ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیں گی۔ مزید شمال کی بات کی جائے تو رودبار انگلستان میں شدید سردی، دھند، کہر کے ساتھ انتہائی محدود حد بصارت کی پیشگوئی کی گئی ہے۔حکومت نے لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔