17روپے یومیہ امداد کسانوں کی توہین ہے، راہول گاندھی
نئی دہلی - - - - - کانگریس صدر را ہول گاندھی نے کہا ہے کہ عبوری بجٹ میں کسانوں کو 6 ہزار روپے سالانہ مدد دینے کی مودی حکومت کے اعلان کو کسانوں کی توہین قرار دیا ۔ عبوری بجٹ پر رد عمل میںانہوںنے کہا کہ حکومت کی5 سال کی نااہلی اور تکبر نے ہمارے کسانوں کی زندگی کو تباہ کر دیا۔انہیںصرف 17 روپے یومیہ دینا ان کی اور ان کے کام کی توہین ہے۔ دریں اثناء راہول گاندھی نے مودی حکومت کی پالیسیوں کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورا کرنے میں ناکام رہنے والی اور بدعنوانی میں ملوث حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعت الیکشن میں ’سرجیکل اسٹرائیک‘ کریں گے۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں گڑبڑ کے معاملے پر منعقد اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت نے رافیل سودے میں بدعنوانی کی ہے۔ انل امبانی کو اس سودے میں فائدہ پہنچانے کا کام کیا ۔انہوں نے کہا کہ روزگار کا ملک میں سب سے بڑا بحران پیدا کیا ۔ ساڑھے 4 سال میں سب سے زیادہ بے روزگاری پیدا کرنے کا ریکارڈ بنایا ہے۔