عازمین اخراجات کی پہلی قسط منگل تک جمع کرائیں، حج کمیٹی
حیدرآباد۔۔۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے اعلان کیا ہے کہ مرکزی حج کمیٹی نے ریاستی حج کمیٹیوں کی نمائندگی پر عازمین حج کو چیسٹ ایکسرے اور بلڈ رپورٹ داخل کرنے سے استثنیٰ دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ اب عازمین حج کو یہ دو سرٹیفکیٹ داخل کرنے کی ضرورت نہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں حج کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ عازمین حج اب صرف میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹ ہی داخل کریں‘ جو کسی ایم بی بی ایس یا گورنمنٹ ڈاکٹر کا جاری کردہ ہو تاہم جن عازمین نے چیسٹ ایکسرے اور بلڈ رپورٹ حاصل کرلی وہ اپنے پاسپورٹ اور حج اخراجات کی پہلی قسط کے ہمراہ حج کمیٹی کے دفتر میں داخل کردیں۔ مرکزی حج کمیٹی نے عبوری طور پر منتخب عازمین حج کو حج مصارف کی 2قسطیں ادا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 81ہزار روپئے کی پہلی قسط 5فروری تک لازماً جمع کروادی جائے اورایک لاکھ 20ہزارروپے کی دوسری قسط 20مارچ سے پہلے اداکی جائے۔جو عازمین دونوں قسطیں بیک وقت جمع کروانا چاہیں تو وہ5 فروری تک جمع کرسکتے ہیں۔ منتخب عازمین حج اگر مقررہ تاریخ تک پہلی قسط ادانہ کریں تو ان کی نشست منسوخ ہوجائیگی اور ان کی جگہ ویٹنگ لسٹ سے دوسرے درخواست گزاروں کا انتخاب ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جو عازمین آن لائن ادائیگی کرنا چاہیں وہ انٹرنیٹ بینکنگ ‘ ڈیبیٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کیلئے حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر مہیا ای پے منٹ آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔عازمین بینک میں ادائیگی کے بعد بینک کی رسید کی ایک کاپی دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں اور ایک کاپی اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ عازمین بینک چالان پر یا ای پے منٹ کے ذریعہ ادائیگی پر اپنا ریفرنس نمبر بھی لازماًدرج کریں‘ اس طرح یہ رقم راست ان کے نام پر جمع ہوگی۔