سچن ٹنڈولکر نے ہند کی ٹیم کو کرکٹ ورلڈ کپ کی فیورٹ قرار دیدیا
نئی دہلی: ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور بیٹنگ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے ۔یہ بات سچن ٹنڈولکر نے اپنا ورچوئل ریئلٹی ہیڈ سیٹ اور گیم جاری کرتے ہوئے کہی۔ٹنڈولکر نے نئی دہلی میں انڈیا گیمنگ شو کے دوران سچن ساگا نامی گیم لانچ کیا۔سچن ساگا کی مدد سے کھلاڑی بیٹنگ میں اپنی مہارت کو جانچنے کے ساتھ ساتھ ملٹی پلیئر آپشن کی بدولت دوستوں اور فیملی ممبر کے ساتھ میچز سے بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ سچن کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کی قیادت اور متوازن بولنگ لائن کی موجودگی نے ہندوستانی اسکواڈ کو اس قابل بنا دیا ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر ورلڈ چیمپیئن بن سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میزبان انگلینڈ کی ٹیم بھی سخت اور مضبوط ہے اور ہند کو اس کے ساتھ مقابلے میں لطف آئے گا۔ سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کوہلی الیون نے دنیا کی صف اول کی ٹیموں کے ساتھ مقابلوں کے دوران یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کامیابیوں نے ہندوستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے فیورٹ ٹیم بنا دیا ہے۔ ٹیم اب اس پوزیشن میں ہے کہ دنیا کے کسی بھی میدان میں کسی بھی ٹیم کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کے خلاف واضح برتری کے ساتھ فتح نے مجھے یہ کہنے پر مجبور کردیا ہے کہ میگا ایونٹ میں ہندوستانی ٹیم ہی سب سے زیادہ فیورٹ ہوگی ۔ اسے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سے ہوشیار رہنا ہوگا اگرچہ حالیہ سیریز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم شکست کھا گئی ہے لیکن اس کی صلاحیتوں میں مجھے کوئی شک نہیں اور وہ کسی کو بھی زیر کر سکتی ہے جبکہ اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو بھی پہلے جیسی مضبوط ٹیم بنا دے گی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں