کرک: مسافر وین اور ڈبل کیبن گاڑی کے مابین انڈس ہائی وے پر شدید حادثے کے بعد وین میں آگ لگنے سے 13 افراد جھلس کر جاں بحق اور 4 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ اسپینا بانڈہ کے مقام پر پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق انڈس ہائی وے پر پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی مسافر وین سامنے کی سمت سے آنے والی ڈبل کیبن گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ہائی ایس میں آگ لگ گئی اور شعلوں نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ طبی ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں وین کے 11 مسافر اور ڈبل کیبن گاڑی کے 2 سوار جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 دیگر زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال کرک منتقل کیا گیا ہے۔