Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقتصادی راہداری کو پھر متنازعہ بنانے کی کوشش؟

لاہور...مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی وداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ وفاقی وزیر مواصلات نے بے بنیاد پریس کانفرنس کر کے پھر پاک چین اقتصادی راہداری کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے۔اس سے پہلے ان کے لیڈر عمران خان بھی مسلسل سی پیک کے خلاف زہر اگلتے رہے۔ احسن اقبال نے وزیر مواصلات مراد سعید کے الزامات کا جواب دےتے ہوئے کہاکہ گزشتہ روز حکومتی ناکامیوں پر پریس کانفرنس کی تھی جس سے یہ لوگ بد حواس ہوگئے۔انہیں اور کچھ نہیں ملا تو سی پیک جیسے منصوبوں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کردیا۔حقیقت یہ ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی مشترکہ نگرانی پاکستان اور چین کے ماہرین نے کی تھی۔اس حوالے سے کسی قسم کا شرانگیز پروپیگنڈے کا مقصد ہمارے دوست ملک کو بھی کسی تنازعہ میں دھکیلنا اورگھسیٹنا ہے۔یہ شرانگیز پرو پیگنڈا پاکستان اورچین کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنے کی مذموم کوشش ہے ۔واضح کرنا چاہتا ہوں کہ سی پیک کے تمام منصوبوں کو ہم نے حتمی منظوری دینے سے پہلے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا تھا۔ان منصوبہ جات کی بولیوں کی ایوالوایشن تھرڈ پارٹی سے کرائی گئی۔اعلی ترین قیادت نے ان منصوبہ جات کی نگرانی کی تاکہ اس میں کسی قسم کا کوئی سقم نہ رہے۔کوئی دونوں ممالک کے درمیان بدگمانی کھڑی نہ کرسکے یا کسی کو کوئی تنازع کھڑا کرنے کا موقع نہ مل سکے۔مراد سعید نے سی پیک جیسے قومی منصوبے کو بھی اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہے۔اس حوالے سے تمام تفصیلات جلدقوم کے سامنے پیش کروں گا تاکہ لوگ خود فیصلہ کر سکیں کہ کون اس وقت پاکستان کے ساتھ دشمنی کر رہا ہے۔ 

شیئر: