موبائل فون کارڈ پر ٹیکسز کی بحالی کا متبادل فارمولہ
اسلام آباد ... حکومت کی جانب سے ریونیو شارٹ فال اور بجٹ کے اہداف کو پورا کرنے کےلئے کوئی نئے ٹیکس کے نفاذ کے بجائے موبائل فون کارڈ پر ٹیکسز کی بحالی کے لئے متبادل فارمولا سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہاکہ آئی ایم ایف سے بیل آﺅٹ پیکج کے حصول کےلئے پیشگی شرائط کے طور پر ریونیو ہدف حاصل کرنے کےلئے رواں مالی سال میں کوئی نیا ٹیکس نافذ نہیں کریں گے۔ ٹیلی کام سروسز پر ٹیکسز میں نظرثانی کرنے کے لئے نیا فارمولا پیش کرنے کے علاوہ آمدنی میں اضافے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جائیں گے ۔ عدالت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا پہلا والا فارمولا مسترد کردیا تھا۔ جون 2018 میں سپریم کورٹ نے موبائل کمپنیوں کی جانب سے پری پیڈ کارڈ کے ری چارج پر لئے جانے والے ٹیکسز کو معطل کردیا تھا ۔ صرف اسی سے سالانہ 80 ارب روپے کی آمدنی حاصل ہورہی تھی۔