گوجروں کا احتجاجی مظاہرہ،متعددگاڑیاں نذر آتش
جے پور ۔۔۔راجستھان میں ریزرویشن کا مطالبہ کرتے ہوئے گوجر وں نے ٹرینوں کی آمدورفت میں رکاوٹیں پیدا کردیں۔مغربی ریلوے اور مغربی وسطی ریلوے کی جانب سے متاثرہ ٹرینوں کے بارے میں اطلاعا ت موصول ہوئیں۔جگہ جگہ ریل پٹریوں پرگوجروں کی بھیڑ جمع ہونے سے متعدد ٹرینیں منسوخ کرکے اسپیشل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔گوجر رہنما کروڑی سنگھ بنسل نے کہا کہ اس مرتبہ لڑائی فیصلہ کن ہوگی۔ جب تک گوجرطبقے کو 5فیصد ریزرویشن نہیں دیا جاتااحتجاج جاری رہے گا۔سوائی مادھو پور اور بیانا کے درمیان ریلوے لائن پرگوجر وں کے ہجوم کی وجہ سے مغربی ریلوے کے اعلان کے مطابق باندرا ٹرمینل سے سوائی مادھو پور کے درمیان 10تا14فروری خصوصی ٹرین چلائی جائیگی۔اس راستے پر چلنے والی 31ٹرینیں منسوخ کردی گئیں اور 47کے روٹ تبدیل کردیئے گئے۔راجستھان کےضلع دھول پورہائی وے پر پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہواجس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی اور متعدد گاڑیاں نذر آتش کردی گئیں۔مغربی وسطی ریلوے نے بتایا کہ اسوقت10ٹرینیں متاثر ہیں۔واضح ہو کہ گوجر طبقہ ملازمت اور تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے 5فیصد ریزرویشن کا مطالبہ کررہا ہے۔بنسل نے کہا کہ جب تک ریزرویشن کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا احتجاج جاری رہے گا۔