چوہدری شجاعت سے نعیم الحق کی ملاقات
لاہور...وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نعیم الحق کی سربراہی میں حکومتی وفد نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ان کی رہائش پر ملاقات کی ۔ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ، حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دینے اوراتحاد کو مزید مضبوط بنانے کےلئے رابطوں اور ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے اتحاد میں رخنہ ڈالا جائے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے ۔عہد کیا ہے کہ ہم نے اکٹھے چلنا ہے اور چل رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ افواہیں بھی اڑائی جاتی ہیں کہ کچھ ممبران حمزہ شہباز سے مل رہے ہیں جوجھوٹ ہیں۔ہمارا ان سے کوئی تعلق اور واسطہ نہیں۔ عمران خان وقت کی ضرورت ہیں۔انکے مقابلے میں کوئی آ سکا ہے اور نہ ہے او روہ کامیاب ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ یہ افواہیں بھی اڑائی جارہی ہیں کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک چل رہی ہے ۔ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر ان کےخلاف کوئی سازش کی گئی تو ہماری جماعت اس میں شامل نہیں ہو گی۔ ایسی کسی بھی سازش کو ناکام بنائیں گے ۔نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوںنے تحریک انصاف اور (ق) لیگ کے اتحاد کے حوالے سے افواہیں پھیلا رکھی تھیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کہ چوہدری شجاعت سے ملاقات کروں۔ یہ تاثر درست نہیں کہ ہمارا اتحاد کمزور ہو رہا ہے بلکہ وفاق او رپنجاب میں مل کر چل رہے ہیں اورچلتے رہیں گے ۔ بہت جلد کابینہ میں توسیع ہو گی تو مرکز اور صوبوں میں قائد لیگ کے وزراءکی تعداد میں مزید اضافہ ہو گا ۔