پاکستانی قائدین اور عوام محمد بن سلمان کیلئے چشم براہ
جمعرات 14 فروری 2019 3:00
ریاض۔۔۔ پاکستان کے ذرائع ابلاغ اور عہدیدار وں نے سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے آئندہ ہفتے ہونے والے غیر معمولی اور انتہائی اہم دورے کی زبردست پذیرائی شروع کردی۔ پاکستانی عہدیداروں نے اس دورے سے وابستہ امیدوں، آرزوﺅں اور متوقع نتائج کا اظہار بھی کیا ہے۔ پاکستانی خبررساں ایجنسی اور پھر سعودی خبررساں ادارے نیز انٹرنیٹ نیوز ویب سائٹس نے بھی اس حوالے سے زبردست کوریج کا اہتمام کیا۔ پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ اس سے اسٹراٹیجک بامقصد تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ تجارتی لین دین بڑھے گا۔ دونوں ملک نوجوانوں کو سماجی اور اقتصادی ترقی کے پروگراموں میں کلیدی کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کریں گے۔ پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے امور تجارت و سرمایہ کاری رزاق داﺅد ، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ، معاون وزیراعظم ذوالفقار بخاری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت تمام اہم وزراءنے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مستحکم بنیادوں پر استوار ہونے کی تفصیلات بھی سنائیں۔ پاکستان کے تمام حلقوں کی جانب سے اس دورے پر سعودی ولیعہد سے گہری محبت اور تعلق کا بھی اظہار کیا جارہا ہے۔ ان میں حلقے بھی پیش پیش ہیں۔ پاکستان علماءکونسل کے سربراہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے لاہور سمیت مختلف شہروں اور علاقوں میں بڑے بڑے بورڈ نصب کرائے ہیں جن پر سعودی عرب ، اس کے قائد اعلیٰ شاہ سلمان ، ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان اور خود ان کے فوٹو چسپاں ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان کی تصویر کو درمیان میں نمایاں طریقے سے اجاگر کیاگیا ہے۔