زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع
جمعرات 14 فروری 2019 3:00
کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع کردی گئی ۔ ذرائع کے مطابق بینکنگ کورٹ کراچی نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران دونوں اہم شخصیات سمیت 11 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 5 مارچ تک توسیع کردی۔ مقدمے میں نامزد آصف زرداری، فریال تالپور اور دیگر 11 ملزمان عدالت پیش ہوئے جن میں گرفتار ملزمان انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ انور مجید کے صاحبزادے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید بھی عدالت پہنچے۔ دوران سماعت فاضل جج نے فریقین کی جانب سے دلائل سننے کے بعد آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر 11 ملزمان کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی اور قرار دیا کہ انور مجید اور عبدالغنی مجید کی ضمانت کی درخواست پر آیندہ سماعت 20 فروری کو ہوگی۔