اسلام آبا د....سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ اہم شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند رہے گا ۔ سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران اسلام آباد کی فضائی حدود مکمل طور پر بند رہے گی ۔ ڈرون یا اس جیسے ہیلی کاپٹروں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں ایک ہزار سے زائد سیکیورٹی چیک پوائنٹس بنائے جائیں گے ۔ جڑواں شہروں کی میٹروبس سروس راولپنڈی تک محدود رہے گی ۔ اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ ایکسپریس ہائے وے کو وی وی آئی پی موومنٹ کے لئے بند کی جائے گی تاہم پشاور، کہوٹہ، مری سے آنے والی ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کئے جائیں گے ۔ شاہراہ دستور ریڈیو پاکستان سے سیرینا ہوٹل، سہروردی روڈ تک بند رہے گی۔حکام کے مطابق کوشش کی جارہی ہے کہ سیکیورٹی انتظامات کے دوران شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے ۔