Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور ہند کے تعلقات کا نیا باب رقم

    نئی دہلی -----سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان منگل کو ہندوستان کے24گھنٹے کے سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچے تو وزیراعظم ہند نریندر مودی دہلی کے فوجی ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کرنے والوں میں پیش پیش تھے۔
مودی نے پروٹوکول کو بالائے طاق رکھ کر اپنے عظیم مہمان کو نئی دہلی ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا۔ اس حوالے سے انہوں نے  اپنے اکاؤنٹ پر ٹو ئٹ کیا کہ ہندوستان سعودی ولی عہد کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہے۔ ہندوستانی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹو ئٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں تحریر کیاکہ سعودی عرب اور ہندوستان کے تعلقات کا نیا باب رقم ہورہا ہے۔
ہندوستانی سفارتکاروں نے تحریر کیا کہ وزیراعظم ہند کی جانب سے پروٹوکول کو بالائے طاق رکھنے سے سعودی ولی عہد اور انکے دورہ ہند کی اہمیت کا پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ نریند ر مودی نے جی 20میں شرکت کے موقع پر ارجنٹائن میں ملاقات کرکے سعودی ولی عہد کو دورہ ہند کی دعوت دی تھی۔ ماہرین توقع ظاہر کررہے ہیں کہ اس دورے کی بدولت  سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان سیکیورٹی اور اسٹراٹیجک شراکت نیا موڑ لے گی۔
سعودی عرب خام تیل کی تقریباً جملہ ضروریات ہندوستان کو فراہم کررہا ہے۔ اب تک دونوں ملکوں کے تعلقات کا دائرہ توانائی شراکت تک محدود رہا تھا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے اسے کثیر جہتی شراکت میں تبدیل کردیا ہے۔
دونوں ملک سیکیورٹی امور ، عسکری تربیت ، سراغرسانی کی معلومات کے تبادلے، دہشتگردی، منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنڈنگ  کے انسداد نیز مذہبی انتہا پسندی کے سدباب کے لئے ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کررہے ہیں۔

شیئر: