بدھ 20فروری2019ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”الریاض“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
عالمی برادری نے سعودی سفارتکاری کو ہمیشہ قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھا۔ سعودی سفارتکاری توازن ، شفافیت اوروقار کی علامت بنی ہوئی ہے۔ دنیا بھر کے ممالک سعودی سفارتکاری کو انتہائی اعتبار اور راستی کی نظر سے دیکھنے کے عادی ہوچکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے ممالک سعودی عرب کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں اور مملکت کے ساتھ نہ صرف یہ کہ مضبوط تعلقات کیلئے کوشاں ہیں بلکہ انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے خواہاں بھی ہیں۔ ایسا اس لئے ہے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ مملکت کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے نتیجے میں انہیں بہت سارے سیاسی اور اقتصادی فائدے حاصل ہونگے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایشیائی دورے کا آغاز پاکستان سے کیا۔ وہ ہندوستان اور چین کا بھی دورہ کررہے ہیں۔ یہ دورہ مذکورہ ممالک کیساتھ قائم اسٹراٹیجک شراکتوںکو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے جذبے سے کیا جارہا ہے۔ یہ دورہ بتا رہا ہے کہ سعودی عرب ایشیائی ممالک کے ساتھ مشترکہ مفادات کی تکمیل کا خواہاں ہے۔ اسکے نتائج ماضی کی طرح اچھے ہی برآمد ہونگے۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے اسلام آباد سے اپنے ایشیائی دورے کا آغاز کیا۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان شراکت اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے نیز مضبوط بنانے کا پختہ عزم ظاہر کیا گیا۔ اسی امر کی تاکید نئی دہلی اور بیجنگ میں بھی ہوگی۔ دورے کا ہدف تینوں ممالک کیساتھ شراکت کو مضبوط تر بنانا، آگے کی طرف لیجانا، ماضی کا جائزہ لینا، شراکت کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنا ہے۔