دی ہیگ... عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس کی سماعت مکمل ہوگئی ۔عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ضرورت پڑی تو مزید شواہد طلب کئے جا سکتے ہیں۔فیصلے کی تاریخ کا اعلان فریقین کی مشاورت سے کیا جائے گا۔سماعت کے چوتھے روز ہندوستانی وکلا کی جانب سے دیئے گئے دلائل کے جواب الجواب میں پاکستانی وکیل خاور قریشی نے دلائل دیئے۔خاور قریشی نے حتمی دلائل میں کہا کہ عدالت میں ہندوستانی وکیل کا رویہ غیرسنجیدہ رہا۔ ادھوری دستاویزات جمع کرائیں۔ وکلا نے اپنے دلائل کے ذریعے اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی۔ہند نے پاکستانی سوالات کے جوابات ابھی تک نہیں دئیے۔ میرے دلائل پر بے بنیاد اعتراضات کئے جاتے رہے۔انہوںنے کہا کہ مجھے کسی چیز کے اضافے کی ضرورت نہیں۔ حقائق خود بولتے ہیں۔ دریں اثناء دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ کلبھوشن کیس میں مثبت فیصلے کی توقع رکھتے ہیں۔ امید ہے فیصلے سے کلبھوشن کے ہاتھوں متاثر ہونے والے خاندانوں کو انصاف ملے گا۔