Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک، ہند جامع مذاکرات کیلئے مناسب ماحول پیدا کرنا ہوگا، مشترکہ اعلامیہ

 نئی دہلی- - - -  - ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ کے اختتام پر سعودی ، ہندوستانی مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ دونوں ملک   اقتصادی، سیاسی اور دفاعی  تعلقات کو  مستحکم بنائیں گے۔  فریقین نے  علاقائی استحکام کی اہمیت  اور حسن ہمسائیگی کے  رشتوں  پر بھی زور دیا۔ ولیعہد محمد بن سلمان نے  مئی 2014ء سے  ہندوستانی وزیراعظم  نریندر مودی کی جانب سے  علاقائی استحکام  کیلئے  کی جانے والی کوششوں  خصوصاً  پاکستان کے ساتھ  دوستی  کے رشتے  قائم کرنے کیلئے ان کے نجی اقدامات  پر قدرو منزلت کا اظہار کیا۔  اس حوالے سے  سعودی عرب اور ہندوستان  نے طے کیا کہ  ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جامع  مذاکرات  ازسرنو شروع کرنے کیلئے  مناسب ماحول  پیدا کرنا ہوگا۔  فریقین نے  اس یقین کا اظہار کیا کہ  انتہاء پسندی اور دہشت گردی  تمام اقوام اور معاشروں کیلئے پرخطر ہیں ۔ دہشت گردی کو  کسی نسل یا کسی مذہب یا کسی مخصوص  تہذیب سے جوڑنے کی  کوشش  غلط ہے۔ فریقین نے اسے مسترد کردیا۔  سعودی عرب اور ہندوستان نے  تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ  ایک دوسرے  کیخلاف  دہشت گردی  سے کام نہ لیں۔  ہر جگہ  دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو  ختم کردیں۔  کوئی بھی ملک کسی بھی ملک کیخلاف  دہشت گردی کرنے والوں کی  فنڈنگ اور ہر کسی بھی طرح کی مدد نہ کرے۔  فریقین نے  دہشت گردی کیخلاف  عالمی برادری سے  مربوط اقدامات  کی اپیل کی۔  فریقین نے  دہشت گردی کو ریاستی پالیسی  طور پر  اپنانے کی مخالفت کی اور  تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ  کسی بھی ملک کیخلاف  دہشت گردی کیلئے  ڈرون  اور میزائل سمیت  کسی بھی ہتھیار تک  رسائی نہ ہونے دیں۔  ہندوستانی وزیراعظم  اور سعودی ولیعہد نے  14 فروری 2019ء  کو جموں وکشمیر  پلوامہ میں ہندوستانی سیکیورٹی فورسز پر  دہشت گردانہ حملے کی  سخت الفاظ میں مذمت کی۔  مشترکہ اعلامیہ میں  فریقین نے اس امر سے اتفاق رائے کیا کہ  دہشت گردی  کے سدباب کیلئے  قومی سلامتی  کے مشیران کی سطح پر  جامع امن مذاکرات ہوں ۔ انسداد دہشت گردی کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے۔  ہندوستان  نے  مملکت میں  ہندوستانی کمیونٹی کے میزبانی اور  ہندوستان کا حج کوٹہ 2 لاکھ تک بڑھانے اور  مملکت کی جیلوں سے  850 ہندوستانی قیدیوں کی  رہائی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔  علاوہ ازیں  فریقین نے دفاع کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے ، تربیت اور تجربات کے تبادلے ، مشترکہ سمندری فوجی مشقیں پہلی فرصت میں منعقد کرنے اور مختلف شعبوں میں تربیتی پروگراموں کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا۔ بری اور بحری عسکری سسٹم اور فاضل پرزے مشترکہ طور پر تیار کرنے کا بھی عہد کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے بحر ہند کے ساحل پر آباد ممالک کے ساتھ مل کر عالمی تجارت کو محفوظ راہداری فراہم کرنے ، دونوں ملکوں کی خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے محفوظ سمندری سفر اور سمندر میں امن وامان کے حوالے سے جدوجہد کا عزم بھی ظاہر کیا۔فریقین نے ولی عہد کے دورہ ہند، دونوں ملکوںکے درمیان دوستانہ تعلقات کی منفرد حیثیت ، باہمی تعاون ، افہام و تفہیم ، نیک نیتی اور مفادات کے احترام پر اطمینان کا اظہار کیا۔نریندر مودی نے مملکت میں اعتدال اور کھلے پن کے مشن پر سعودی ولی عہد کی کوششوں پر انہیں مبارکباد دی۔ محمد بن سلمان نے روا داری اور ہندوستان کے کثیر مذہبی ،تہذیبی اور لسانی معاشرے کو آگے بڑھانے پر ہندوستان کیلئے قدر ومنزلت کا اظہار کیا۔ فریقین نے اسٹراٹیجک شراکت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ نیٹی ایوگ سینٹر اور سعودی سینٹر کے درمیان منعقدہ ورکشاپ کے نتائج خصوصاً مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون اور سرمایہ کاری کے 40سے زیادہ مواقع کی نشاندہی کا خیر مقدم کیا۔

شیئر: