شاہ فیصل ان کے نانا ہیں،ان کی والدہ شاہ فیصل مرحوم کی صاحبزادی شہزادی ہیفاء ہیں، جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے پیچلرکی ڈگری حاصل کی
شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان کو یہ اعزاز حاصل ہے وہ اتنے بڑے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔ ان کی تقرری اس بات کی عکاسی بھی ہے کہ اب سعودی عرب میں تبدیلی کے خواشگوار جھونکے محسوس کئے جانے لگے ہیں۔ شہزادی ریما کی واشنگٹن میں بطور سفیر تقرری اس بات کی بھی نشاندہی ہے کہ سعودی عرب نے اپنے اہم ترین حلیف اور اور سب سے بڑے اور اہم ملک میں جس شخصیت کا تقرر کیا ہے، وہ انتہائی سوچا سمجھا اقدام ہے۔ اس سے ان سیکڑوں باصلاحیت سعودی خواتین کے سامنے بھی سرکاری عہدوں کے دروازے کھل گئے جن کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے محض اس لئے فائدہ اٹھایا نہیں جارہا تھا کہ وہ خواتین ہیں ۔
شہزادی ریما ماضی قریب تک دیگر باصلاحیت خواتین کی طرح گمنامی کی زندگی گزار رہی تھیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے اندرون ملک کے ساتھ بیرون ملک میں بھی ان کا ستارہ چمکنے لگا ۔ وہ 1975ء میں ریاض میں پیدا ہوئیں ۔شاہ فیصل مرحوم ان کے نانا اور سابق وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل ان کے ماموں ہیں۔ان کی والدہ شاہ فیصل مرحوم کی صاحبزادی شہزادی ہیفاء ہیں ۔ان کے والد شہزادہ بندر بن سلطان کو کون نہیں جانتا۔ طویل عرصے تک امریکہ میں سعودی عرب کے مرد آہن رہے۔ اس عرصے کے دوران شہزادی ریما بھی اپنے والد کے ساتھ واشنگٹن میں رہیں۔ انہوں نے جارج واشنگٹن جیسی معروف یونیورسٹی سے آرٹ میں پیچلر کی ڈگری حاصل کی۔
ولی عہد کے دفتر میں ان کی تقرری مشیر کے طور پر ہوئی ۔ اس وقت عام لوگوں نے پہلی مرتبہ ان کا نام سنا ۔ قبل ازیں واشنگٹن سے ریاض واپس آنے پر الفا انٹر نیشنل کمپنی کے اعلی عہدے پر فائز ہوئیں ۔بعد ازاں2016ء میں انہیںسعودی اسپورٹس اتھارٹی بورڈ میں خواتین کے شعبے کا سربراہ بنایا گیا ۔2014ء میں فوربز میڈل ایسٹ میگزین نے انہیں 200عرب موثر ترین خواتین کی فہرست میں شامل کیا ۔متعدد تجارتی سرگرمیاں جاری رکھیں ۔ سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں پیش پیش رہیں ۔اوبر کمپنی کی مشاورتی کونسل کی رکن بھی ہیں ۔
ڈیوس سمٹ میں عالمی نوجوان قیادت کا اعزاز حاصل کیا ۔ فاسٹ کمپنی میگزین نے انہیں2014ء میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے افراد کی فہرست میں شامل کیا ۔ امریکی میگزین فارن پالیسی نے بھی اس عرصے کے دوران انہیں دنیا کے موثر ترین افراد میں شامل کیا ۔
امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر بننے پر انہوں نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ کرتے ہوئے واشنگٹن میں اپنے ملک کی بہترین سفارتکاری کا عہد کیا ۔
— Reema Bandar Al-Saud (@rbalsaud) ٢٣ فبراير ٢٠١٩