Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کا دورہ پاکستان ،ادبی تنظیم حلقہ فکر و فن اور میوزیکل شو کے حوالے سے تقاریب کا احوال

عمران خان کسی پارٹی کے نہیں پاکستان کے وزیر اعظم ہیں، اگروہ کوئی اچھا کام کریں تو انکی حوصلہ افزائی کریں گے ، جاوید اختر کی ادبی خدمات مثالی ہیں ، شرکاء کا اظہار خیال
 ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
    ٭  پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان  کے حوالے سے ریاض میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سنٹرل، سٹی اور مختلف علاقائی ونگز کے عہدیداروں کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ارکان نے بھی شرکت کی اور پاک سعودی تعلقات پراظہار خیال کیا ۔ اس موقع پر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر  عبدالقیوم خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے ہماری دوستی محبت، اخلاص، باہمی روابط اور اعلیٰ سفارتی ستونوں پر کھڑی ہے اور روزبروز اس میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے سٹی صدر بخت شیر خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ یہاں کے قوانین کا احترام کریں  ۔ مسلم لیگ ن کے صدر ڈاکٹر سعید احمد وینس کا کہنا تھا کہ ریاض کی روایت رہی ہے کہ یہاں تمام تر سیاسی جماعتیں سیاسی اختلافات سے بالا ہوکر ایک دوسرے کی تقریبات میں شریک ہوتے ہیں۔ عمران خان  کی جانب سے جو بھی اچھے اقدامات اٹھائے جائیں گے ہم انکی حوصلہ افزائی کریں گے ۔ مجلس پاکستان کے جنرل سیکریٹری حافظ عبدالوحید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف نہ کی جائے تو یقینا ناانصافی ہوگی۔ تصدق گیلانی، شکیل الرحمان، خانزادہ یوسفزائی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔آخر میں پاک سعودی فرینڈشپ کا کیک کاٹا گیا۔
     ٭  ریاض میں ادبی تنظیم حلقہ فکرو فن کی جانب سے نامور شاعر " جاوید اختر جاوید " کی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے محفل مشاعرہ کاانعقاد کیا گیا جس کی صدارت محمود احمد باجوہ نے کی جبکہ  نظامت کے فرائض ڈاکٹر سعید احمد وینس نے ادا کئے۔مہمان خاص کیلئے طارق محمود چوہدری کو مدعو کیا گیا تھا۔  مشاعرہ میں پاک و ہند کے شعرائے نے شرکت کی ۔خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے حلقہ فکروفن کے ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز کا کہنا تھا کہ جاوید اختر جاوید کہ ادبی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انکا کلام معاشرتی برائیوں کو بیان کرتا اور پھر ان کو سنوارانے کا درس بھی دیتاہے۔ مشاعرے کے صدر محمود احمد باجوہ نے کہا کہ جاوید اختر جاوید برس ہا برس ادب کی خدمت کرتے رہے اور تسلسل کے ساتھ ان کی یہ ادبی خدمات جاری ہیں۔ تنظیم کے سینیئر رکن مخدوم امین تاجر کی جانب سے اظہار تشکر کیا گیا جنہوں نے ریاض میں مقیم ادب نوازوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی جہاں ایک گلدستے کی مانند ہے وہیں پر ادب سے بھی خاصا شغف رکھتی ہے جس کی بدولت شعرائے کرام کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ ہندوستان کی نامور ادبی شخصیت اختر ندوی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ جاوید اختر جاوید کی شاعری کو سنا ہے اور اس سے محظوظ ہوتے رہے ہیں۔ محفل مشاعرہ میں خورشید الحسن نیئر، ہمایوں اختر، منصور محبوب چوہدری، قاضی منصور، صدف فریدی، یوسف علی یوسف، شوکت جمال، ابو طاہر بلال اور وقار نسیم وامق نے کلام پیش کیا اور شرکاء سے خوب داد وصول کی ۔تقریب کے آخرمیں حلقہ فکروفن کے انفارمیشن سیکریٹری عابد شمعون چاند نے وقار نسیم وامق اور ڈاکٹر سعید احمد کو کتابوں کا تحفہ پیش کیا۔
    ٭  بلیک سنیما پروڈکشن کی جانب سے میوزک گالا کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ہند اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے گلوکاروں کے مابین مقابلہ رکھا گیا۔ روایتی کھانوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ۔ تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر بلال ارشد نے اپنی ٹیم کا تعارف کروانے کے علاوہ اپنے گزشتہ ایونٹس کا جائزہ پیش کیا ۔ گائیکی کے مقابلے میں پاک ہندٹیموں کی انٹری ہوئی تو پاکستان کی جانب سے سلیم رفیق، وسیم، ریحان، اور عاقب حصہ بنے جبکہ ہند کی جانب سے ابھیحی، ایلکس میتھو، عمر اور نثار علی خان شامل تھے ۔ ریاض کی معروف شخصیت بابائے ریاض قاضی اسحاق میمن نے ٹرافی کی رونمائی کی ۔پاک ہندپر مشتمل ٹیموں کے گلوکاروں نے دھواں دار پرفارمنس دی ۔میوزک گالا کی خاص بات ججز کا پینل تھا جس میں پہلی مرتبہ سعودی عرب کے نامور گلوکار احمد سلطان نے جج کے فرائض ادا کیے اس کے علاوہ پاکستان کی جانب سے سعید احمد وینس اورہندکی جانب سے مظفر نے گلوکاروں کے سُروں کو پرکھا ۔ آخری راؤنڈ میں بہترین پرفارمنس دینے پر پاکستانی ٹیم کو پہلے نمبر پر قرار دیا اور پاک میڈیا فورم کی تسنیم امجد نے ونر ٹیم کے کیپٹن سلیم رفیق کو ٹرافی دی۔ اس موقع پر بلیک سنیما پروڈکشن کے آرڈِنری ڈائریکٹر وقار نسیم وامق کا کہنا تھا کہ موسیقی کے اس مقابلے کا مطلب پاک ہند تعلقات کو خوشیوں سے ہمکنار کرنا تھا ۔ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح ہم یہاں سعودی عرب میں ملکر رہتے ہیں ، ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹتے رہیں۔ تقریب میں پاک ہند گلوکاروں کو میڈل بھی پہنائے گئے جبکہ شرکاء کی جانب سے بی سی پی کی ٹیم جن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمود یاسین، کاشف عابد، ولید اعجاز، سلمان انور، حسام خان اور ان کے سپورٹرز محمد سلیم، گل زیب، عبداللہ اشرف، حسن رضوی، حسن ارشد اور اویس رحمان کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور انتظامات کو سراہاجبکہ ایونٹ کے اسپانسر اور میڈیا پارٹنرز کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا ۔ آخر میں سعودی گلوکار احمد سلطان نے گانا گا کر تقریب میں خوب سماں باندھا۔
مزید پڑھیں:- - - -دبئی:جمو ں کشمیر کے سابق فوڈ منسٹر کے اعزاز میں عشائیہ

شیئر: