Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیئر کھلاڑیوں کی فٹنس پر پی سی بی کی پریشانیاں

دبئی:سینیئر کھلاڑیوں کے بڑھتے فٹنس مسائل نے پی سی بی حکام کی پریشانیاں بڑھا دی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کے علاوہ ٹیم انتظامیہ نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کپتان سرفراز احمد سمیت کئی اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے پر غور شروع کر دیا ہے تاکہ انگلینڈ کے خلاف 5ون ڈے میچوں اور اس کے بعد ورلڈ کپ میں تمام اہم کھلاڑی شرکت کرسکیں۔ اطلاعات کے مطابق کپتان سرفراز احمد کو ابتدائی 2 میچوں میں آرام دیا جاسکتا ہے اور ٹیم کی قیادت شاداب خان کو دی جا ئے گی تاکہ مستقبل کےلئے کپتان تیار کیا جا سکے ۔ شاداب خان نے پاکستان سپر لیگ میں محمد سمیع کے ان فٹ ہونے کے بعد کپتانی کے فرائض انجام دیئے ہیں اور انہیں ذہین کرکٹر مانا جاتا ہے۔سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ شاداب خان کو کپتانی دے کر مستقبل کیلئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو پرکھا جائے۔ سرفراز کی عدم موجودگی میں وکٹ کیپنگ حسب سابق محمد رضوان کریں گے۔ سلیکٹر ز اس سیریز میں شاداب خان کی موجودگی میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کو بھی موقع د ینا چاہتے ہیں۔محمد حفیظ بھی انگوٹھے کی سرجری کے باعث 4 سے 6 ہفتوں کیلئے آرام کر رہے ہیں ، اس کے بعد بھی فٹنس دیکھتے ہوئے کھیلنے کے قابل ہو سکیں گے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور سلیکٹر وجاہت اللہ واسطی، مکی آرتھر اور سرفراز احمد مل بیٹھ کر فیصلہ کریں گے کہ کن کھلاڑیوں کو آرام دینا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ6 سے 7 نئے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتی ہے اور عمر اکمل، عابد علی کے ساتھ وہاب ریاض کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے بعد سے پاکستانی ٹیم مسلسل کھیل رہی ہے اور ایشیا کپ کے بعد آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ کے دوروں کے ساتھ پی ایس ایل نے کھلاڑیوں کو تھکا دیا ہے۔ کپتان سرفراز احمد تینوں فارمیٹس میں کھیلتے آرہے ہیں۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ تینوں فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو سیریز میں باری باری آرام دیا جائے گا۔
 کھیلوں کی   مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو   نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: