وحید مراد۔ اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے جب منگل کی علی الصبح ٹویٹ کر کے بتایا کہ انڈیا کے جیٹ طیاروں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئےپے لوڈ گرایا ہے تو ہر طرف یہ سوال پوچھا جانے لگا کہ انڈین جنگی طیارے پاکستان کے حدود میں کہاں تک آئے؟
سوشل میڈیا پر صارفین یہ سوال پوچھتے رہے کہ طیارے لائن آف کنٹرول کے اندر کس جگہ تک آئے؟ تو اس دوران فوج کے ترجمان نے دوسرے ٹویٹ میں تصاویر لگا کر بتایا کہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں انڈیا کے جنگی طیارے بالاکوٹ میں واقع جنگل میں اضافی بارود گرا کر جلد بازی میں چلے گئے۔
Payload of hastily escaping Indian aircrafts fell in open. pic.twitter.com/8drYtNGMsm
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) ٢٦ فبراير ٢٠١٩
ٹویٹر پر بعض صارفین نے لکھا کہ بالاکوٹ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ والا نہیں بلکہ مظفر آبادکے قریب کسی بالاکوٹ نامی جگہ پر انڈین طیاروں نے اضافی گولہ بارود گرایا ہے ۔ اس دوران مانسہرہ اور بالاکوٹ کے درمیان مقامی آبادی میں سے بہت سے شہریوں نے بتایا کہ علی الصبح علاقے میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔