پی ایس ایل: کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کا تنازع طول پکڑ گیا
لاہور:لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان ایک ہفتے سے جاری تنازع شدت اختیار کرگیا۔ پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور دیگر سینئر کرکٹرز کی کوششوں کے باوجود معاملہ حل نہ ہونے پر لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرا دی۔ لاہور قلندرز نے ٹیم انتظامیہ اور صحافیوں کے اہلخانہ کے ساتھ غیر اخلاقی اور انتہائی نامناسب رویہ اختیار کرنے پر کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم، کپتان عماد وسیم اور فاسٹ بولر محمد عامر کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کو شکایت ارسال کی ہے۔ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 22رنز سے شکست دی تھی جس کے بعدایک بڑا تنازع سامنے آ یا۔ اس دوران مبینہ طور پر وسیم اکرم، کپتان عماد وسیم اور محمد عامر نے لاہور قلندرز کے اسٹینڈ کے نیچے کھڑے ہو کر وہاں موجود افراد جن میں خواتین اور بچے شامل تھے ان کےخلاف انتہائی نازیبا طرزعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیہودہ اشارے کئے۔ وسیم اکرم نے الزام لگایا تھا کہ لاہور قلندرز کے اسٹینڈ سے کسی نے انہیں ’آلو‘ کہہ کر پکارا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار عثمان واہلہ’ جو کراچی کنگز سے بھی منسلک ہیں ،بھی کود پڑے اور انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں سے شکایت کی جس پر وہ اسٹینڈ سے 2افراد کو ان کے کارڈز چھین کر ساتھ لے گئے۔ اب لاہور قلندرز نے باضابطہ شکایت میں الزام لگایا گیا کہ وسیم اکرم، عماد وسیم اور محمد عامر کی جانب سے اسٹینڈ میں بیٹھے لوگوں اور خواتین کو مبینہ طور پر نامناسب اشارے کئے گئے۔ وسیم اکرم کو لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا کے اہلخانہ سے الجھتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں