راجر فیڈرر ٹائٹلزکی سنچری کرنے سے ایک قدم دوری پر موجود
دبئی:سابق عالمی نمبر ون اور 20گرینڈ سلام ٹائٹلز جیت کر ورلڈ ریکارڈ بنانے والے سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے ٹائٹلز کی سنچری مکمل کرنے کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے پہلا میچ جیت لیا ۔ دبئی چیمپیئن شپ میں راجر فیڈرر اپنے کیریئر میں اب تک99اے ٹی پی ٹائٹلز جیت چکے ہیں اور 7مرتبہ دبئی چیمپیئن شپ جیتنے والے فیڈرر اگر اس مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت گئے تو ان کے ٹائٹلز کی تعداد100ہو جائے گی۔دبئی میں وہ پہلے راونڈ کے میچ میں جرمن کھلاڑی فلپ کولشریبر کو ہرانے میں کامیاب رہے تاہم جرمن کھلاڑی بھی ایک سیٹ جیتنے میں کامیاب رہا جو اس کے کیریئر میں تیسرا ایسا موقع تھا جب اس نے فیڈرر کو اسٹریٹ سیٹس میں جیتنے نہیں دیا۔ فیڈرر نے فلپ کے خلاف 14واں میچ جیتا جبکہ جرمن کھلاڑی ابھی سوئس حریف کو کسی میچ میں زیر نہیں کر سکا۔ دوسرے راونڈ میں فیڈرر کا مقابلہ اسپین کے فرنینڈو ورڈاسکو سے ہوگا۔راجر فیڈرر گزشتہ سال اکتوبر میں اپنے آبائی قصبے باسل میں 99واںٹائٹل جیتے تھے جس کے بعد سے وہ 2 ٹورنامنٹس کے سیمی فائنلز جبکہ سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے چوتھے راونڈ تک ہی پہنچ سکے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں