کئی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے تیار
کراچی ( صلاح الدین حیدر) عمران خان کی حکومت نے خارجہ امور میں ہی نہیں بلکہ معیشت کی بحالی کےلئے جو ہر ممکنہ اقدامات کئے ہیں انہی کی وجہ سے دنیا کے کئی ایک ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار نظر آتے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی مثال سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ پاکستان میں 21 ارب ڈالر کے معاہدے اور یادداشت پر دستخط سے ملی لیکن انگلستان اور یورپ کے کئی ممالک نے ابھی پاکستان میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے کے بعد اپنی توجہ سرمایہ کاری پر مرکوز کردی ہیں۔ سنگاپور کی بہت بڑی کمپنی نے پاکستان میں 5لاکھ سستے مکانات بنانے کی پیش کش کردی ہے۔ سنگاپور جس کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں ہوتا ہے۔ ادھر اردن میں پاکستانی سفیر شمشیر زمان نے جو کہ جنوبی ایشیا بزنس گروپ اور مڈل ایسٹ بزنس فورم کے چیئرمین بھی ہیں کراچی میں ایوان تجارت میں خطاب کیا۔سفیر پاکستان اردن کے 22 نمائندوں کے وفد کی قیادت کررہے ہیں۔اردن، پاکستان میں صنعتی فضا کو فروغ دینے کےلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بندرگاہ کے انتظامی امور میں مدد کےلئے تیار ہے۔ ان کا اعلان اس بات کا غماز ہے کہ تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستانی معیشت اپنی سمت مقرر کرچکی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں بہتری آتی جائے گی۔ سفیر نے کہا کہ ان کا ملک چونکہ شہری علاقوں میں پلاننگ کا وسیع تجربہ رکھتا ہے اس لئے وہ وزیراعظم عمران خان کے خواب کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 50 لاکھ سستے مکانات بنانے کےلئے حاضر ہے۔ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے اس لئے یہاں ترقی کے مواقع بھی بہت ہیں۔ صرف ان سے فائدہ اٹھانے کی دیر ہے۔