عمران کا ترک صدر اور امارات کے ولی عہد سے رابطہ
جمعرات 28 فروری 2019 3:00
اسلام آباد... وزیراعظم عمران خان کا ترک صدر رجب طیب اردگان اور یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران نے ترک صدر اردگان سے ٹیلی فون کرکے رابطہ کیا۔ وزیر اعظم نے ترک صدر کو خطے کی صوتحال اورپاک، ہندکشیدگی کم کرنے کے لئے کوششوں ،کشمیر کی مشکل صورتحال اور کشمیری عوام کے خلاف مظالم سے ترک صدر کو آگاہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور کشمیری عوام کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ طیب اردگان نے خطے میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی ۔ دہشت گردی کے حوالے سے اقدامات اور قربانیوں کو سراہا۔ترک صدر نے گرفتار ہندوستانی پائلٹ کو رہا کرنے کے اعلان کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو طاقت کی علامت قرار دیا ۔ ترک صدر نے عمران خان کے پارلیمنٹ سے خطاب اور ایک مدبر رہنما کے طور پر ہند کو کشیدگی کم کرنے کی پیشکش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتاہے۔ دونوں رہنماوںنے اس بات سے اتفاق کیا کہ ترک صدر کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے میں معاون ہوگا۔ عمران خان نے واضح کیا کہ پاکستان وہ ملک ہے جو ہمیشہ ترکی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ دریں اثناءوزیراعظم عمران خان کو متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے بھی ٹیلیفون کیا اوروزیراعظم کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مدبرانہ خطاب پر مبارک باد دی۔ عمران خان کی طرف سے تمام تنازعات بات چیت سے حل کرنے کو سراہا۔شیخ محمد بن زایدنے پاک وہند کے درمیان مذاکرات اور رابطوں پر زوردیا۔