مدینہ منورہ۔۔۔ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے مدینہ منورہ اسلامی یونیورسٹی میں تقریب تقسیم اسناد کی سرپرستی کی۔ 111سے زیادہ ممالک کے 2894طلباءکو اسناد تقسیم کی گئیں۔ یہ اسلامی یونیورسٹی سے فارغ ہونیوالے طلباءکی 55ویں کھیپ تھی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر حاتم المرزوقی نے ا س موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اپنے قیام کے روز اول سے اپنے فرزندوں کو امن کا سفیر بنا رہی ہے۔ یونیورسٹی کا مشن ہے کہ یہاں سے فارغ ہونے والے اپنے وطن اور اپنے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیں۔انہوںنے سال رواں کے دوران یونیورسٹی کے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کنگ عبدالعزیز کوالٹی ایوارڈ یونیورسٹی کو ملا ہے۔ علاوہ ازیں کمپیوٹر سائنس کی فیکلٹی کو اپنے تمام پروگراموں کے لئے ABET منظوری ملی ہے۔2019ءکے لئے مملکت کی جامعات کی درجہ بندی میں اسلامی یونیورسٹی کا نمبر 11واں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای ایجوکیشن کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ پروگرام اور ای ایجوکیشن نیٹ ورک قائم کردیا گیا ہے۔ فاصلاتی نظام سے عربی سکھانے کیلئے 1500طلباءکو داخلہ دیا گیا ہے۔ انجینیئرنگ اور کمپیوٹر سائنسی کی فیکلٹیوں میں ایم فل کے 6نئے پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔