مودی نے الیکشن کیلئے ملک کو داؤپر لگادیا، شجاعت
لاہور- - - - مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت نے کہا کہ مودی اور ہندوستانی عوام جدا ہو چکے ہیں۔ ہندوستانی عوام کو یہ باور ہو چکا ہے کہ مودی فوج کو اپنے الیکشن اور ذاتی مفادات کی خاطر ملک کو دائو پر لگا رہا ہے۔دونوں طرف کے ہزاروں بے گناہ لوگوں کو مروا کر ہی ان کی تسلی ہو گی۔ اب یہ ظاہر ہو گیا کہ مودی اور ہندوستانی عوام علیحدہ علیحدہ ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے بڑی دانشمندی کے ساتھ اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پہلی مرتبہ دنیا کی نظروں میں اس طریقے سے اجاگر ہوا ہے کہ دنیا کے تمام بڑے ممالک نے مسئلہ کشمیر کو اہمیت دی ہے۔ او آئی سی کے ساتھ ہمارا بڑا پرانا تعلق ہے۔ ہند کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ اس حالیہ واقعہ سے بہت پہلے ہو چکا تھا۔ جب ہند کو او آئی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی اسی وقت اس پر اعتراض کرنا چاہئے تھا۔ اب تو دوست ممالک نے بھی پاکستان کی حمایت نہیں کی۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو چاہئے تھا کہ وہ او آئی سی اجلاس میں جاتے اور 57 میں سے 7 ارکان کو بھی منا لیتے تو ہم اسے بڑی کامیابی سمجھتے۔اجلاس میں شرکت کر کے ہم اپنا موقف بیان کرتے کہ ہند کو اس فورم میں نہ بلائیں۔ یہ کانفرنس بھی ہمارے دوست ملک میں ہو رہی ہے کسی ایک بھی دوست ملک نے سشما سوراج کو روکنے کیلئے پاکستانی موقف کی حمایت نہیں کی اب واویلا فضول ہے۔