قذافی اسٹیڈیم لاہورپی ایس ایل 4کی میزبانی سے محروم
کراچی:پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچز سیکیورٹی سمیت دیگر مسائل کے سبب کراچی منتقل کر دئیے گئے ہیں ۔ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم پاکستان سپر لیگ سیزن 4کی میزبانی سے محروم کر دیاگیا اور سیزن کا ایک بھی میچ لاہور میں نہیں کھیلا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے میچز کی منتقلی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے تمام میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی منتقل کر دئیے گئے۔یہ فیصلہ پی ایس ایل 4کی پروڈکشن کمپنی کو لاجسٹک سمیت دیگر مشکلات سے بچانے کیلئے کیا گیا۔جاری لیگ کے 8میچز پاکستان میں شیڈول کئے گئے تھے جن میں سے 3میچوں کی میزبانی لاہور اور5 کی کراچی کو دی گئی تھی لیکن اب ملک میں موجودہ سیکیورٹی اور لاجسٹک صورتحال کے سبب پی سی بی نے لاہور میں شیڈول تمام میچز کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ مشکل فیصلہ تھا جو تمام فرنچائز مالکان اور دیگرسے مشاورت کے بعد کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی پی ایس ایل کے لاہور میں ہونے والے میچز کے کراچی میں انعقاد کی تصدیق کر دی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ2سال پہلے کراچی میں ایک میچ کی میزبانی مانگی تھی اور اب تمام میچز مل گئے ہیں۔انھوں نے پاکستان سپر لیگ کو کامیاب بنانے کے لئے شہریوں سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں ہونے والے تمام میچوں کو کامیاب بنانے کیلئے مکمل امن اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کریں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں