الحدیدة کے انتظام پر اختلاف ؟
عدن ۔۔۔ یمن کی آئینی حکومت نے الحدیدة میں غیر جانبدار انتظامیہ کی تشکیل سے متعلق برطانوی تجویز مسترد کردی۔ برطانیہ کے وزیر خارجہ نے الحدیدة شہر اور اسکی تینوں بندرگاہوں کا نظم و نسق چلانے کیلئے غیر جانبدار انتظامیہ تشکیل دینے کی تجویز رکھی تھی۔ یمنی آئینی حکومت نے اس قسم کے بیان پر حیرت کا اظہار کیا۔ برطانوی وزیر خارجہ نے حالیہ دورے کے موقع پر الحدیدة کا مسئلہ حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی تھی۔ یمن کے دفتر خارجہ نے بیان جاری کرکے کہا کہ تمام یمنی قوانین بین الاقوامی قراردادوں اور جملہ عالمی فیصلوں کے بموجب یمن کے ریاستی امورکے نظم و نسق کی واحد حقدار یمنی حکومت ہے۔ حکومت کو ملک کے چپے چپے پر اپنا اقتدار قائم کرنا ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی طرح کی کمی قابل قبول نہیں۔ الحدیدة بھی یمن کا اٹوٹ حصہ ہے۔ وہاں بھی یمن کے قوانین نافذ العمل ہونگے۔