اسپیس ایکس کامیاب مشن کے بعد بحر اوقیانوس میں اتر گیا
فلاڈیلفیا ۔۔۔ انتہائی بڑے سائز کا عملہ بردار کیپسول بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے رات کے ڈھائی بجے اپنا 5روزہ مشن مکمل کرکے واپس آیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ زمین پر اسکی واپسی اور لینڈنگ عین وقت پر ہوئی کیونکہ اندازہ بھی یہی تھا کہ یہ بحر اوقیانوس میں صبح 8بجکر 45منٹ پر اترے گا۔ کیپسول کے نوز کون سے سرخ و سفید رنگ کے 4پیراشوٹ منسلک تھے جو نیچے آتے وقت بڑے محفوظ انداز میں کھل گئے۔ اسکی وجہ سے اسکی انتہائی برق رفتاری کو قابو کرنا ممکن ہوسکا اور اس دوران کوئی جھٹکا بھی محسوس نہیں ہوا۔ جیسے ہی یہ سمندر میں گرا امدادی کشتی انکے قرب پہنچ گئی۔ جسے جیو سرچر کا نام دیا گیا ہے اور پھر یہ کشتی اسے کھینچ کر ساحل پر لے گئی۔ زمین پر واپسی کے وقت کیپسول کا رنگ سیاہی مائل ہوگیا تھا مگر اس سے اسکی مجموعی ساخت اور بناوٹ پر کوئی فرق نہیں پڑا اور کیپسول پوری طرح سے محفوظ رہا۔ اسکی لینڈنگ کے وقت ناسا نے کامیابی کا جشن مناتے ہوئے ایک ٹویٹ بھی جاری کیا۔ واضح ہو کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی نجی کمپنی کا جہاز یا کیپسول بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک جاکر بحفاظت تمام واپس آگیا۔ اسکی لینڈنگ فلوریڈا کے ساحل سے280میل کے فاصلے پر ہوئی ۔ ناسا کی جانب سے اس پورے موقع کی فوٹو گرافی اور عکس بندی کا شاندار انتظام کیا گیا تھا۔ اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹیو افسر ایلن مسک نے اسکی لینڈنگ سے قبل اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ کہیں واپسی کا سفر اسکے لئے دشوار نہ ہوجائے مگر ایسا کچھ نہیںہوا اور ڈریگن نامی کیپسول انتہائی اچھی حالت میں واپس آگیا۔