Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں مقیم پاکستانی طلباء کی کارکردگی متاثرہ کن ہے، راجہ علی اعجاز

    ریاض ( ذکاء اللہ محسن )پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ بوائزسیکشن کے2017-18 کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو انعامات دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز تھے۔ مہمانوں میں ملٹری اتاشی بریگیڈیئر ہارون،اسکول کے لنک آفیسر اور ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کے علاوہ سرکردہ شخصیات ،اساتذہ، طلباء اور ان کے والدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستانی طلباء  باصلاحیت ہیں اور تعلیمی میدان میں اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم طلباء کی کارکردگی انتہائی متاثر کن ہے جس کی بدولت مجھے یقین ہے کہ ہمارے طلباء تمام شعبہ ہائے زندگی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ طلباء کی کردار سازی اور ان میں چھپی صلاحیتوں کو ایک استاد ہی نکھار کر قوم کا معمار بناتا ہے۔ وہ تمام اساتذہ لائق تحسین ہیں جو علم کے فروغ اور قوم کے بچوں کے روشن مستقبل کو نکھارنے کیلئے تعلیمی میدان میں کام کر رہے ہیں، سفارت خانہ پاکستان سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بچوں کے تعلیمی مستقبل کو نکھارنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اسکول کے پرنسپل ائیر کموڈور ریٹائرڈ نعیم اختر کا کہنا تھا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ہم بچوں کو وہ سازگار ماحول مہیا کر سکیں جس میں بچے اپنی تعلیم کو اچھے انداز میں آگے بڑھا سکیں۔ پاکستانی اسکول گزشتہ کئی دہائیوں سے علم کی شمع روشن رکھے ہوئے ہے۔ اسکے فارغ التحصیل طلباء آج دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیے ہوئے ہیں۔ اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر رجب علی نے کہا کہ اسکول کی بہتری اور طلباء کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے والدین سے رابطہ اور بچوں کے ساتھ ہم آہنگی سے سفر جاری ہے۔  اسکول کے بچے سالانہ امتحانات میں جس نمایاں پوزیشن سے پاس ہو رہے ہیں اس سے سب سے پہلے اساتذہ اور ان کے والدین مبارک باد کے مستحق ہیں۔تقریب میں بچوں نے ٹیبلو پیش کیے جن میں پاکستان کے تمام علاقائی ثقافتی رنگوں کو اجاگر کیا اور علاقائی گانوں کی دھنوں ہر رقص کرکے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ قومی نغموں نے دیار غیر میں وطن کی یاد سے دلوں کو آباد کیا۔ تقریب میں سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے پرنسپل نعیم اختر اور چیئرمین ایس ایم سی ڈاکٹر رجب کے ہمراہ طلباء میں اعزازی شیلڈز، میڈلز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں فہد صغیر، عبداللہ، محمد روئوف، نعمان احمد، علی جواد، سلمان ،سید ظہور اصغر، بلال نفیس، حسیب الدین، وقار احمد، حسیب رشید مرزا، عبداللہ، بلال، محمد اسامہ زاہد، زین، محمد انیس، محمد احمد، محمد نعمان اشرف، محمد ابراہیم، محمد دانیال، احمد باجوہ، عبداللہ حنان، عارف خالد، بہاء الدین، حماد اشرف، حمزہ وسیم اور دیگر درجنوں طلباء میں انعامات تقسیم کیے گئے جس پر سفیر پاکستان نے طلباء اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اساتذہ کو بھی نمایاں کارکردگی دکھانے پر انعامات سے نوازا گیا۔ مینجمنٹ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹررجب علی خواجہ، سکریٹری محمد افضل، اراکین: ڈاکٹر طلحہ، ڈاکٹرعبیداللہ، محمد عمران نے بھی طلباء کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انکے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کا اختتام قومی ترانے سے ہوا۔
 
مزید پڑھیں:- - - -پاکستان انٹرنیشنل اسکول الجبیل میں 28 واں سالانہ جلسہ تقسیم انعامات

شیئر: